Contact Us

بہاول پور چیمبراور گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ماہ نومبر میں اسلامیہ یونیورسٹی میں میگا بزنس سمٹ کا آغاز کریں گے

a delegation of gujrat chamber and bwp chamber meeting with wvc iub

دونوں چیمبر آف کامرس اسلامیہ یونیورسٹی کے ساتھ ایک دستاویزی معاہدے کے ذریعے جڑے ہوئے ہیں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب

بہاول پور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ماہ نومبر میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں میگا بزنس سمٹ کا آغاز کریں گے۔ اس بات کا فیصلہ وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب سے گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور بہاول پور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کی ایک مشترکہ ملاقات کے دوران ہوا۔ ملاقات میں گجرات چیمبر آف کامر س کے وفد کے ارکان میں چوہدری وحید الدین سابق صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری گجرات، سیٹھ قمر سابق نائب صدر، امتیاز کوثر ممبر ایگزیکٹو، منیر احمد سی ای او امین فین اور بہاول پور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ارکان میں جاوید اقبال سابق صدر بہاول پور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، ملک اعجاز ناظم ایگزیکٹو ممبر، ملک منیب اور دیگر عہدیداران شامل تھے۔ اس موقع پر سینئر صحافی نصیر احمد ناصر، ڈائریکٹر پریس میڈیا اینڈ پبلیکیشنزشہزاد احمد خالداور وسیم احمد صدیقی سینئر سٹاف آفیسر بھی موجود تھے۔وفد کے ارکان نے بہاول پور خطے میں اعلیٰ تعلیم کے مواقعوں اور سماجی و معاشی تعلیمی ترقی میں وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کے مدبرانہ کردار کو سراہا اور کہا کہ یونیورسٹی کی تعمیر و ترقی، نئے منصوبوں کے قیام میں مزید تعاون کیا جائے گا۔ گجرات چیمبر آف کامرس کے وفد نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں کاروباری مواقع بہت زیادہ ہیں اور اس علاقے میں صنعت کے قیام کے لیے فروغ دینے کے لیے سرمایہ کاری کی ضرور ت ہے اور بہاول پور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے مل کر اس علاقے کی کاروباری ترقی کے لیے کوششیں کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور ملک کی بڑی یونیورسٹی بن چکی ہے اور یہاں پر اعلیٰ درجے کی تعلیم دی جاتی ہے اور اس یونیورسٹی کا تدریس و تحقیق میں اعلیٰ مقام ہے۔ گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور بہاول پور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے ساتھ مل کر مشترکہ منصوبے شروع کرے گی اور اس کے لیے  یونیورسٹی کے پلیٹ فارم کو موثر طور پر استعمال کیا جائے گا۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں 3میگا واٹ شمسی توانائی کا منصوبہ مکمل کیا گیا ہے جس سے کیمپس کی ضروریات کو پورا کیا جا رہا ہے اور انرجی کے شعبے میں اس کو مزید بڑھایا جائے گاتاکہ اس منصوبے کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔ اسی طرح انٹرکراپنگ ٹیکنالوجی کے ذریعے پولٹری فیڈکی تیاری اور خوردنی تیل کی درآمد پر خرچ ہونے والے زرمبادلہ کی بچت ہو گی۔ علاوہ ازیں ٹیکسٹائل کی صنعت کے لیے کپاس کی فصل پر بھی اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی تحقیق انتہائی قابل قدر اور حوصلہ افزا ہے اور ملک کے دیگر ادارے اس سلسلے میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور سے تعاون کریں گے تاکہ کپاس کی پیداوار کو بڑھا کر ٹیکسٹائل کی صنعت کو استحکام کیا جا سکتا ہے۔ وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے دونوں چیمبر آف کامرس کے جذبے خیر سگالی کو سراہا اور کہا کہ دونوں چیمبر آف کامرس اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے ساتھ ایک دستاویزی معاہدے کے ذریعے جڑے ہوئے ہیں اور اب اس معاہدے کو عملی شکل دینے کے لیے تمام فریقین کی جانب سے تعاون کا عندیہ انتہائی خوش آئند اور نیک شگون عمل ہے۔ اس کانفرنس میں ملک بھر سے صنعت کے تاجر، ماہرین شریک ہوں گے اور خاص طور پر گجرات اور بہاول پور چیمبر آف کامرس کے ایوان ہائے صنعت کے عہدیداران اور کاروباری افراد جو بہاول پور کی کاروباری ترقی کے لیے ایک لائحہ عمل ترتیب دیے گے۔ 

مزید پڑھیں