وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے صوبائی وزیر اعجاز عالم کی سربراہی میں وفد کی ملاقات

A delegation led by Provincial Minister Ijaz Alam called on Chief Minister Usman Bazdar

وزیراعلیٰ عثمان بزدارسے صوبائی وزیر اعجازعالم کی سربراہی میں وفد کی ملاقات،  اقلیتی برادریوں کی فلاح کیلئے اقدامات پر اظہار تشکر

 آپ نے اقلیتی برادریوں کیلئے بے مثال اقدامات کئے، پنجاب حکومت نے اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود میں لیڈ لی ہے:وفد

 پنجاب میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے خصوصی کمیشن بنایا جارہاہے، مینارٹی رائٹس کمیشن کا مسودہ تیار کر لیا:عثمان بزدار

 اقلیتی برادریوں کی فلاح و بہبود کیلئے 2 ارب 50 کروڑ روپے رکھے ہیں، اقلیتوں کیلئے مختص 5 فیصد کوٹے کے تحت بھرتی کا عمل شروع

لاہور 21 دسمبر:  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجازعالم کی سربراہی میں مسیحی برادری کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد نے اقلیتی برادریوں کی فلاح وبہبود کیلئے ٹھوس اقدامات پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی قیادت میں پنجاب حکومت نے اقلیتی برادریوں کے لئے بے مثال اقدامات کیے ہیں۔آپ نے مختصر عرصے میں اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کیلئے عملی کام کئے ہیں۔آپ کی حکومت کے اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ کیلئے پائیدار اقدامات کی تحسین کرتے ہیں۔ وفد کے اراکین نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود میں لیڈ لی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے خصوصی کمیشن بنایا جارہاہے۔ مینارٹی رائٹس کمیشن کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے۔پنجاب حکومت نے رواں مالی برس اقلیتوں کیلئے بجٹ میں 5 گنا اضافہ کیا ہے۔ رواں مالی برس اقلیتی برادریوں کی فلاح و بہبود کیلئے 2 ارب 50 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ اقلیتی برادری کیلئے ملازمتوں کے مختص 5 فیصد کوٹے کے تحت خالی آسامیوں پر بھرتی کا عمل شروع ہوچکا ہے۔  اقلیتی برادریوں کیلئے ملازمتوں کے مختص کوٹے پر سوفیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار اقلیتوں کیلئے ہائر ایجوکیشن کے اداروں میں 2فیصد خصوصی کوٹہ مقر ر کیا ہے۔2فیصد کوٹہ سے اقلیتی طلبہ بہترین درسگاہوں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں یوحنا آباد اور فیصل آباد میں وارث پورہ کو ماڈل مینارٹی علاقے قرار دیا گیا ہے۔رحیم یار خان کے علاقے بھونگ میں مندر کو ایک ماہ میں دوبارہ بحال کیا ہے۔اقلیتی برادریوں کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ  پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اقلیتوں کا کردار نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ پاکستان کا آئین اقلیتوں کے بنیادی حقوق کو تحفظ فراہم کرتا ہے اور نئے پاکستان میں اقلیتوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں۔ ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور اور سیکرٹری انسانی حقوق و اقلیتی امور بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفد میں پارلیمانی سیکرٹری انسانی حقوق و اقلیتی امور مہندر پال سنگھ، اراکین پنجاب اسمبلی ہارون گل، یوڈیسٹر چوہان، بشپ آزاد مارشل، آرچ بشپ سبسٹین فرانسیز، ڈاکٹر مجیدایبے، سالویشن آرمی لاہور کے سربراہ، چیئرپرسن مینارٹی ایڈوائزری کونسل پنجاب جیکولین ٹریسلر، وائس چیئرمین مینارٹی ایڈوائزری کونسل پنجاب روبنسن عزیز فرانسیز، بشپ ولسن جان گل اور دیگر شامل تھے۔

A delegation led by Provincial Minister Ijaz Alam called on Chief Minister Usman Bazdar 2