اے ڈی خواجہ کی چیئرمین ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز اتھارٹی تقرری — احمدپورشرقیہ کے عوام کے لیے باعثِ فخر خبر
پندرہ جولائی 2025
وفاقی حکومت نے پاکستان پولیس سروس کے معروف، فرض شناس اور دیانت دار افسر، سابق انسپکٹر جنرل سندھ اے ڈی خواجہ کو ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز اتھارٹی کا چیئرمین مقرر کر دیا ہے، ان کی مدتِ تقرری تین برس مقرر کی گئی ہے۔ یہ اہم ادارہ وزارت صنعت و پیداوار حکومت پاکستان کے تحت کام کرتا ہے اور اس کا بنیادی مقصد ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولت دینا، برآمدات کو فروغ دینا اور صنعتی ترقی کو ممکن بنانا ہے۔ روزنامہ نوائے احمدپورشرقیہ اس تقرری کو نہ صرف ایک دانشمندانہ اقدام قرار دیتا ہے بلکہ اسے احمدپورشرقیہ کے عوام کے لیے بھی ایک خوش آئند اور فخر کی خبر سمجھتا ہے، کیونکہ اے ڈی خواجہ وہ نام ہے جسے اس خطے کے عوام آج بھی عزت، عقیدت اور فخر کے ساتھ یاد کرتے ہیں۔
یہ وہی اے ڈی خواجہ ہیں جنہوں نے 1990 کی دہائی میں احمدپورشرقیہ میں بطور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس فرائض انجام دیے۔ ان کا دور تعیناتی جرائم کے خلاف بے خوف جدوجہد، منشیات فروشوں کے خلاف مؤثر آپریشن، اور تھانہ کلچر میں مثبت تبدیلیوں کی لازوال مثال ہے۔ انہوں نے اس خطے کو جرائم پیشہ گروہوں سے نجات دلانے کے لیے دن رات کام کیا۔ خصوصاً منشیات کے ناسور کے خلاف ان کی زیرو ٹالرنس پالیسی آج بھی یادگار ہے۔ اے ڈی خواجہ نے اپنے عمل اور کردار سے اس بات کو ثابت کیا کہ ایک ایماندار افسر چاہے تو وسائل کی کمی کے باوجود بھی بڑے بڑے چیلنجز سے نمٹ سکتا ہے۔ ان کی یہی انتظامی صلاحیتیں، اصول پسندی اور شفاف کردار اب ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز اتھارٹی جیسے اہم ادارے میں بروئے کار آئیں گی۔ موجودہ معاشی بحران، صنعتی زوال، اور برآمدات میں کمی جیسے چیلنجز کے دور میں حکومت کا یہ فیصلہ قابلِ تحسین ہے۔ اگر اے ڈی خواجہ کو مکمل اختیار، پالیسی پر عمل درآمد کی آزادی، اور سیاسی مداخلت سے پاک ماحول فراہم کیا جائے تو وہ اس ادارے کو نہ صرف فعال بنا سکتے ہیں بلکہ ملکی برآمدات اور سرمایہ کاری میں واضح بہتری لا سکتے ہیں۔
یہ امر بھی قابلِ غور ہے کہ ہمارے ملک میں ایسے ایماندار افسران کا انتخاب اور ان پر اعتماد نہایت اہم ہے۔ ان کی موجودگی نوجوان بیوروکریسی کے لیے ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے۔ ہم حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ایسے باکردار اور اصول پسند افسران کو مزید اہم ذمہ داریاں دی جائیں اور انہیں نتائج پر مبنی آزاد ماحول فراہم کیا جائے۔ روزنامہ نوائے احمدپورشرقیہ کی وساطت سے ہم اے ڈی خواجہ کو نئی ذمہ داری سنبھالنے پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتے ہیں اور دعا گو ہیں کہ وہ ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز اتھارٹی میں بھی اسی طرح شفافیت، دیانت اور کارکردگی کی نئی مثال قائم کریں گے، جس طرح انہوں نے احمدپورشرقیہ میں ایک یادگار انتظامی باب رقم کیا تھا۔