Contact Us

پنجاب بانڈز کے اجراء کیلئے سفارشات مرتب کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل

A committee has been formed to formulate recommendations for the issuance of Punjab bonds

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیرصدارت اجلاس پنجاب پنشن فنڈ میں اصلاحات کیلئے پلان طلب

لاہور13اکتوبر: -وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیرصدارت آج وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا،صوبائی وزیر خزانہ محسن لغاری،سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی،چیف سیکرٹری،سیکرٹری خزانہ،سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ،سیکرٹری تعمیرات ومواصلات اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں پنجاب کے سالانہ ترقیاتی پروگرام پر پیش رفت اور صوبے کے مالیاتی امور کاجائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے صوبے کے وسائل میں اضافے کے لئے مقرر کردہ ٹارگٹ پورا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ صوبے کے وسائل میں اضافے کیلئے ٹھوس اقدامات کیے جائیں اورریونیو میں اضافے سے صوبے کے عوام کو زیادہ سے زیادہ بنیادی سہولتیں دی جائیں۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب پنشن فنڈ میں اصلاحات کے حوالے سے جامع پلان طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ   پنشن کے واجبات کی ادائیگی کے لئے پنجاب پنشن فنڈکا بہترین مصرف یقینی بنایا جائے اوراگلے ہفتے متعلقہ حکام اس ضمن میں جامع پلان پیش کریں۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے پنجاب بانڈز کے اجراء کاجائزہ لینے کی ہدایت کی اور پنجاب بانڈز کے اجراء کے حوالے سے سفارشات مرتب کرنے کے لئے کمیٹی تشکیل دی،کمیٹی پنجاب بانڈز کے اجراء کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کرے گی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ منصوبوں کی بروقت تکمیل سے نہ صرف وسائل کا درست استعمال یقینی بنایا جاسکتاہے بلکہ عوام بھی ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہوتے ہیں -وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جاری پروگرامز کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے اورترقیاتی سکیموں اورفلاح عامہ کے پروگراموں پر کام کی رفتار تیز کی جائے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ تعلیم اورصحت کیساتھ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں۔انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت ڈلیوری پر یقین رکھتی ہے اوراہداف کا حصول مقررہ مدت میں یقینی بنانا متعلقہ اداروں اورمحکموں کی ذمہ داری ہے اور اس کے لئے ترقیاتی وسائل کا بروقت استعمال ضروری ہے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ محکمے جاری کردہ فنڈز کا درست اور بروقت استعمال یقینی بنائیں اور پرائیویٹ سیکٹر کے ذریعے گروتھ میں اضافے اور سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے۔ ترقیاتی حکمت عملی کے ذریعے متوازن علاقائی ترقی کی منزل حاصل کی جائے۔اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کو سالانہ ترقیاتی پروگرام اور صوبے کے مالیاتی امور کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

مزید پڑھیں