عمران خان کیخلاف پولیس کے اعلیٰ افسران اور خاتون جج کو دھمکیاں دینے پر مقدمہ درج
اسلام آباد: جلسے سے خطاب میں پولیس افسروں اور خاتون مجسٹریٹ کو دھمکیاں دینے کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
اسلام آباد کے تھانہ مارگلہ میں مجسٹریٹ علی جاوید کی مدعیت میں عمران خان کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
مقدمے کے متن کے مطابق عمران خان نے ایف نائن پارک میں پولیس افسران اور ایڈیشنل سیشن جج کو دھمکی دی، ایف آئی آر میں عمران خان کی تقریر کے متعلقہ حصے کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق اعلیٰ افسران کو ڈرانے دھمکانے اور ملک میں انتشار و دہشت پھیلانے کے جرائم میں ملزم کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
قبل ازیں جلسے سے خطاب میں پولیس افسروں اور خاتوج مجسٹریٹ کو دھمکیاں دینے کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف بغاوت کا مقدمہ یا دیگر دفعات کے تحت کارروائی کیلئے وزارت داخلہ میں اعلیٰ سطح کی مشاورت کی گئی، ایڈووکیٹ جنرل سے دوبارہ رائے طلب کی گئی تھی۔