ریجنل پولیس آفیسر منیر احمد ضیا ء رائوکی تھانہ سٹی احمد پور شرقیہ کی انسپکشن
اے ایس پی حسیب جاوید میمن اور ایس ایچ او تھانہ سٹی نویدعابد کو منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن کو مزید تیز کرنے کی ہدایت
بہاولپور(پ ر)ریجنل پولیس آفیسر منیر احمد ضیا ء رائوکی تھانہ سٹی احمد پور شرقیہ کی انسپکشن۔تفصیل کیمطابق آر پی اومنیر احمد ضیا ء رائو نے انسپکشن کے دوران تھانہ کے مال خانہ ،کوت میں اسلحہ اور بیرکس ہائے کی صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا۔انہوں نے حوالات میں بند ملزمان اور مقدمات کی تفتیش کی پیش رفت کے بارے میں آ گاہی حاصل کی۔انہوں نے تھانہ کی حوالات میں نصب کیمرہ جات کو بھی چیک کیا اور سختی سے ہدایت کی کہ کسی بھی شہری کو ناجائز حوالات میں نہ رکھیں۔آر پی او نے تھانہ میں موجود رجسٹرہائے کے تکمیلی ریکارڈ کوتفصیلاً چیک کیااور کہا کہ تمام رجسٹرز ہائے کو باقاعدگی سے آن لائن اور اپ ڈیٹ کیا جائے۔آر پی او نے اے ایس پی حسیب جاوید سومر میمن ایس ڈی پی او سرکل احمد پور شرقیہ ،ایس آئی نویدعابدSHO تھانہ سٹی احمد پور شرقیہ اور محررکو ہدایت کی کہ تھانہ میں آنے والے سائلین کے ساتھ اچھا برتاؤ کرتے ہوئے ان کے ساتھ نرمی سے پیش آئیں،1787،سٹیزن پورٹل اور کھلی کچہری کے دوران بھیجی گئی درخواستوں کوسات یوم کے اندر اندرحل کیا جائے،زیر تفتیش مقدمات کو میرٹ پر یکسو کریں اور پولیس گشت کو مزید موثر بنائیں اور ای پولیس پوسٹ ایپ سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں جس سے سابقہ ریکارڈی جرائم پیشہ عناصر با آسانی پولیس کی گرفت میں آ سکتے ہیں ۔اپنے اریریا کے اشتہاری ملزمان کوگرفتارکر کے چالان عدالت کروائیں۔ سابقہ ریکارڈیافتہ اشخاص کی مانیٹرنگ کریں اور کسی بھی جرم میں ملوث ہونے کی صورت میں ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کریں۔منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن کو مزید تیز کرتے ہوئے ان کا جڑ سے خاتمہ کریں۔ چوری، ڈکیتی، رہزنی کے مقدمات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے شہریوں کا چھینا ہو امال برآمدکریں۔آرپی او نے تھانہ میں موجود فرنٹ ڈیسک کا وزٹ کرتے ہوئے تعینات عملہ کو ہدایت کی کہ وہ آنے والے شہریوں سے عزت و احترام سے پیش آئیں اور ان کے معاملے کا فوری اندراج کریں ،پولیس کا اچھا ریسپانس ہی معاشرہ میں پولیس کے امیج کو بہتر بنا نے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے ۔ آر پی او نے مزید کہا کہ پولیس افسران کو تفتیشی معیار کو بہتر بنانے کیلئے کارکردگی دکھانا ہوگی۔انہوں نے دوران انسپکشن 09تفتیشی افسران کو تفتیش مکمل کرنے کے بعد عدالت میں چالان جمع نہ کروانے اور مال مقدمہ مال خانہ میں جمع نہ کروانے پر شوکاز نوٹس جاری کیے۔