ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ کی زیر صدارت انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کے انعقاد کے حوالہ سے انتظامات کا جائزہ اجلاس
بہاول پور:10/ نومبر ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ کی زیر صدارت دفتر کے کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا جس میں انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کے انعقاد کے حوالہ سے کیے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس فاروق قمر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اعتزاز انجم، سی ای او بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نعیم اختر، منیجر ٹی ڈی سی پی طارق ربانی، فور بائی فور وہیل کلب کے عہدیدار چوہدری محمود مجید، ایکسئین ہائی ویز فرخ ممتاز، ایس ڈی او چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی امتیاز لاشاری، محکمہ پولیس، ہیلتھ، میپکو، وائلڈ لائف، سول ڈیفنس، ریسکیو1122، سپورٹس، پی ایچ اے اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور ویڈیو لنک کے ذریعہ اسسٹنٹ کمشنر یزمان اور اسسٹنٹ کمشنراحمد پور شرقیہ موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کے تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ قلعہ ڈراور تک سڑک کی کشادگی اور مرمت کے کام اعلیٰ معیار کے ساتھ بروقت مکمل کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ چولستان ڈیزرٹ ریلی کے مقامات کی نشاندہی کے لیے ڈائریکشن بورڈ نصب کیے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاحوں کی آمد ورفت میں آسانی کے لیے ٹریفک پلان ترتیب دیا جائے اور گاڑیوں کے لیے پارکنگ ایریا بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کے موقع پر سیاحوں کی آمد ورفت کے لیے مکینک ورک شاپش اور ٹک شاپس قائم کی جائیں نیز واش رومز بنائے جائیں۔انھوں نے کہا کہ ڈیزرٹ ریلی کے ایام میں صفائی ستھرائی کے شاندار انتظامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاحوں کی معلومات کے لیے انفارمیشن ڈیسک بھی قائم کی جائے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ محکمہ سپورٹس کی جانب سے ریسلنگ اور کبڈی کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔ اسی طرح محکمہ ہیلتھ کی جانب سے ہیلتھ کیمپس قائم کیے جائیں گے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ چولستان ڈیزرٹ ریلی کے موقع پر ریسکیو1122، سول ڈیفنس اور پولیس فورس کے جوان خدمات سرانجام دیں گے۔