Advertisements

لانگ مارچ : کنٹینر کے نیچے آکر خاتون صحافی صدف نعیم جاں بحق

Sadaf Naeem
Advertisements

وزیراعظم کا خاتون صحافی صدف نعیم کے اہلخانہ کیلئے 50 لاکھ روپے , وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کا25 لاکھ روپے امدادکا اعلان

سادھوکی: پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران عمران خان کے کنٹینر کے زد میں آخر خاتون رپورٹر جاں بحق ہوگئیں۔

Advertisements

 سادھوکی کے قریب نجی ٹی وی چینل کی خاتون رپورٹر لانگ مارچ کی کوریج کے لیے موجود تھیں کہ اس دوران وہ عمران خان کے کنٹینر کے نیچے آکر جاں بحق    ہوگئیں  حادثے میں ایک شہری بھی شدید زخمی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے عمران خان نے لکھا کہ آج اپنے مارچ کے دوران پیش آنے والے اندوہناک حادثے جسکے نتیجے میں رپورٹر صدف نعیم ہم سےجد ہوگئیں پر نہایت رنج و الم کا شکار ہوں۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ میرے پاس الفاظ نہیں کہ اپنا غم بیان کرسکوں، ان المناک گھڑیوں میں میری دعائیں اور ہمدردیاں انکے اہلخانہ کیساتھ ہیں، ہم نے اپنا مارچ آج کیلئے منسوخ کردیا ہے۔

اس حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ خاتون رپورٹر کے جاں بحق ہونے کے بعد آج کا لانگ مارچ یہیں ختم کرتے ہیں، دعا ہے اللہ تعالیٰ خاتون کے گھر والوں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے صحافی کی ہلاکت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ رپورٹر صدف نعیم کی لانگ مارچ کنٹینر سے گرنے سے ہلاکت پر شدید دکھ ہے، اندوہناک واقعے پر جتنا افسوس کیا جائے کم ہے، اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ صدف نعیم ایک متحرک اور محنتی رپورٹر تھیں، مرحومہ کی مغفرت اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں۔ 

وزیراعظم شہباز شریف نے پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران جاں بحق ہونے والی خاتون رپورٹر صدف کے اہلخانہ کے لیے 50 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ضابطےکی کارروائی فوری مکمل کرکے چیک اہلخانہ کے حوالے کرنےکی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب  ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے بھی صدف نعیم کے اہلخانہ کے لیے 25 لاکھ روپےکا اعلان کیا ہے۔

ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا ہےکہ محکمہ ڈی جی پی آر کی جانب سے بھی صدف کے اہلخانہ کو  10 لاکھ روپے دیے جائیں گے، پنجاب حکومت مرحومہ کے بچوں کی کفالت اور تعلیمی اخراجات برداشت کرے گی۔

ترجمان کا کہنا ہےکہ عمران خان، وزیراعلیٰ پرویز الہٰی صدف کے جاں بحق ہونے پر دکھی ہیں، پنجاب حکومت اور تحریک انصاف دکھ کی گھڑی میں صدف نعیم کی فیملی کے ساتھ کھڑے ہیں۔