تحصیل احمد پورشرقیہ کو ضلع کا درجہ دلوانے کیلئے ایک دو روز میں وزیراعلیٰ پرویز الٰہی سے ملاقات ہو گی۔ پرنس بہاول عباسی
احمد پورشرقیہ کو ضلع کا درجہ دلوانا اس علاقہ کا باشندگا ن کا دیرینہ مطالبہ ہے۔ ولی عہد بہاول پور کی صحافیوں سے ٹیلی فونک گفتگو
احمد پورشرقیہ (سٹاف رپورٹر) امیر آف بہاول پور نواب صلاح الدین عباسی کے ولی عہد پرنس بہاول عباس خا ن عباسی نے کہا ہے، تحصیل احمد پورشرقیہ کو ضلع کا درجہ دینا نہ صرف اس تاریخی تحصیل کے لاکھوں عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے بلکہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ان خیالات کااظہار انہو ں نے ڈیفنس لاہور کی اپنی اقامت گاہ سے ٹیلی فون پر صحافیوں کے ایک گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پر نس بہاول خان عباسی نے کہا کہ تحصیل احمد پور شرقیہ کا شمار ریونیو اور آبادی کے لحاظ سے پنجاب کی بڑی تحصیلوں میں ہوتا ہے۔ مگر بد قسمتی سے سابقہ ریاست بہاول پور کے پاکستان میں ادغام کے بعد ا س علاقہ کے باشندگان کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کیا گیا۔ نیزقائد اعظم ؒ اور میرے پڑ دادآخری تاجداربہاول پور نواب سر صادق محمد عباسی کے مابین کیے گئے معاہدوں کو سرد خانے میں ڈال دیا گیا۔ انہو ں نے کہا پنجاب میں کئی نئے ڈویژن اور اضلاع قائم کیے گئے مگرسابقہ ریاست بہاول پور میں ایک بھی نیا ضلع نہیں بنایا گیا۔ پرنس بہاول عباسی نے کہا کہ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی چیئر مین عمران خان سے گزشتہ دنوں اپنی چار ملاقاتوں کے دوران بہاو ل پور ڈویژن کے باشندگان کے ساتھ ہر شعبہ زندگی میں ہونے والی ناانصافیوں اورحق تلفیوں سے آگاہ کیا تھا جس کی انہوں نے ازالہ کی یقین دہانی کرائی تھی، پرنس بہاول عباسی نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ آئندہ ایک دو روز تک وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات کر کے ان سے تحصیل احمد پورشرقیہ کو ضلع کا درجہ دینے کا مطالبہ کر یں گے۔ انہیں یقین ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب ا س دیرینہ عوامی مطالبہ کو پذیرائی بخشیں گے۔