کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے عہدیداران نے مطالبہ کیا ہے کہ مسلم لیگی قیادت ماضی کے اپنے غیر جمہوری، آزادی صحافت کے منافی اقدامات پر معافی مانگے

CPNE_Logo

لاہور (پ ر) کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے عہدیداران نے من پسند میڈیا ہاؤسز کو اشتہارات کی غیر منصفانہ تقسیم اور میڈیا گروپوں پر اشتہارات کی بندش کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف کے اعترافی بیان کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مسلم لیگی قیادت ماضی کے اپنے غیر جمہوری، آزادی صحافت کے منافی اقدامات پر معافی مانگے جبکہ حکومت کی طرف سے قائم کردہ کمیٹی شفاف تحقیقات کے ذریعے قوم کو آگاہ کرے کہ سابقہ دور میں میڈیا کو دبانے، ادارتی پالیسی پر اثر انداز ہونے اور ناپسندیدہ میڈیا گروپوں کے قتل عام کے لئے مزید کیا اقدامات کیے گئے؟ ایک بیان میں سی پی این ای نے مریم نواز شریف کے بیان کو مسلم لیگی حکومت کے خلاف چارج شیٹ قرار دیا، جو اب آزادی صحافت کی علمبردار اور آزاد میڈیا سے تعاون کی طلبگار ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ماضی کی حکومتوں کی طرح موجودہ حکومت کی طرف سے آزادی صحافت کے منافی اقدامات پر سی پی این ای نے ہمیشہ آواز بلند کی اور اشتہارات کی تقسیم کو منصفانہ بنانے کے لیے شفاف، قابل قبول اور منصفانہ میکنزم بنانے پر زور دیا۔ سی پی این ای نے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری صاحب نے تحقیقاتی کمیٹی قائم کرنے کا جو فیصلہ کیا ہے وہ کمیٹی نہ صرف پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کے دور حکومت میں اشتہارات کی تقسیم اور من پسند گروپوں کو نوازنے کے حوالے سے غیر جانبدارانہ تحقیقات کرے بلکہ گزشتہ تین سالہ دور کی تشہیری پالیسی سے بھی عوام کو آگاہ کرے تا کہ کمیٹی کی رپورٹ عوام اور صحافتی حلقوں میں قبولیت حاصل کر سکے۔