Advertisements

کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور کا ضلع رحیم یار خاں میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں اور امدادی کیمپوں کا دورہ

Commissioner Bahawalpur visited flood affected areas in Rahim Yar Khan district
Advertisements

ہیڈ پنجند تا گدو بیراج منچن بند مکمل اور خطرے سے محفوظ ہے منچن بند میں 10 لاکھ کیوسک تک پانی گزارنے کی صلاحیت موجود ہے ڈپٹی کمشنر رحیم یار خاں سید موسیٰ رضا

بہاول پور:27/اگست( )کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے کہا ہے کہ ملک بھر کو بارشوں اور سیلابی صورت میں قدرتی آفت کا سامنا ہے اور اس صورتحال سے نبردآزما ہونے اورلوگوں کی زندگیوں و املاک کا تحفظ یقینی بنانا حکومت اور انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع رحیم یار خاں میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں اور امدادی کیمپوں کے دورہ کے موقع پر کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر رحیم یار خاں سید موسیٰ رضا، چیف انجینئر انہار خالد بشیر، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 ڈاکٹر عادل رحمن، اسسٹنٹ کمشنر الماس صبیح، سی ای او ہیلتھ اور ڈائریکٹر لائیوسٹاک سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن نے انتظامی افسران سے بے نظیربھٹو شہید برج چاچڑاں شریف اور دریائے سندھ کے مختلف مقامات پر سیلابی صورتحال اور ریسکیو اینڈ ریلیف سرگرمیوں بارے تفصیلی بریفنگ لی۔ڈپٹی کمشنر رحیم یار خاں سید موسیٰ رضا نے کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چاچڑاں شریف کے مقام پر 5 لاکھ 22 ہزار کیوسک کا سیلابی ریلا دریائے سندھ سے گزر رہا ہے جبکہ 20 اگست2022ء کو دریائے سندھ سے 6 لاکھ 90 ہزار کیوسک کا سیلابی ریلا گزارا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر رحیم یار خاں نے بتایا کہ دریائے سندھ کی بیٹ میں واقع 54 مواضعات مکمل طور پرجبکہ 44 مواضعات جزوی طور پر سیلابی صورتحال سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ دریائے سندھ میں مجموعی طور پر سیلابی صورتحال انتظامیہ کے کنٹرول میں ہے۔ڈپٹی کمشنر رحیم یار خاں نے مزید بتایا کہ دریائے سندھ کے بیٹ میں واقع مواضعات سے آبادی کومحفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ تقریباً 2ہزار افراد تاحال اپنے گھروں میں موجود ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے رحیم یار خاں کی چاروں تحصیلوں میں سیلاب متاثرین کے لئے امدادی کیمپس بھی قائم کر دیئے ہیں اوران امدادی کیمپوں میں ریسکیو1122، محکمہ صحت، محکمہ لائیوسٹاک، محکمہ مال، محکمہ پولیس اوردیگر متعلقہ اداروں کا عملہ ہمہ وقت دستیاب ہے۔چیف انجینئر انہارخالد بشیرنے کمشنر بہاول پور ڈویژن کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دریائے سندھ اور دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ پر مکمل طور پر نظر رکھی جا رہی ہے۔نیز چشمہ،تونسہ اورکالا باغ کے مقامات پر بھی سیلابی پانی کو مانیٹر کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ منچن بند میں 10 لاکھ کیوسک تک پانی گزارنے کی صلاحیت موجود ہے اورہیڈ پنجند تا گدو بیراج تک منچن بند مکمل اور خطرے سے محفوظ ہے۔کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے موقع پر موجود سیلاب سے متاثرہ لوگوں سے ملاقات بھی کی اور ریسکیو اینڈ ریلیف سرگرمیوں بارے دریافت کیا۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے متاثرین سیلاب کو بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے فلڈ ریلیف فنڈ قائم کر دیا ہے اور متاثرین سیلاب کوہر ممکن امدادکی فراہمی سمیت ان کی زندگیوں اور املاک کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے انتظامی افسران کو ہدایت کی کہ دریا کی بیٹ میں موجود افراد کو فوری طور پر دریا سے باہر امدادی کیمپوں میں منتقل کیا جائے اور چشمہ،تونسہ اور پنجند بیراج پر پانی کی آمد و نکاسی پر کڑی نظر رکھی جائے۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر رحیم یار خاں سید موسیٰ رضا کواضافی خیموں، خوراک، مویشیوں کے چارے اور ویکسینیشن کے حوالہ سے انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی۔کمشنر بہاول پور نے ہدایت کی کہ منچن بند کے ساتھ قائم امدادی کیمپوں کے علاوہ ہر چار کلومیٹر پر ایک عارضی خیمہ بستی فوری طور پر قائم کی جائے اورمحکمہ صحت کے زیر اہتمام سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بھی میڈیکل کیمپس قائم کئے جائیں جہاں وبائی امراض اور دیگر تمام امراض سے متاثرہ افراد کو طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔کمشنر بہاول پور ڈویژن نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ سمیت دیگر تمام متعلقہ محکمہ جات بروقت بچاؤ کے کاموں اور متاثرین کو محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل کرنے کے لئے تمام تروسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیلابی صورتحال سے نبردآزما ہونے کے لئے پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو بھی ضلع رحیم یار خان میں لائف جیکٹس اوردیگر اضافی سہولیات کی فراہمی کی درخواست کی جائے گی۔کمشنر بہاول پور ڈویژن نے محکمہ لائیو سٹاک کے افسران کو ہدایت کی کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے اور ان کی مکمل دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے۔کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ڈپٹی کمشنر رحیم یار خاں سید موسیٰ رضا کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ کی ٹیم کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیااور اسے مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔کمشنر بہاول پور ڈویژن نے مخیر حضرات و اداروں سے بھی اپیل کی کہ حکومت کے ساتھ ساتھ وہ بھی اپنے متاثرہ بھائیوں کی مدد کے لئے آگے بڑھیں اور ان کی ہر ممکن امداد کو یقینی بنائیں۔

Advertisements