پنجند ہیڈ ورکس میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش کو 7لاکھ کیوسک سے بڑھا کر 8لاکھ 65ہزار کیوسک کر دیا گیا ڈپٹی کمشنرزاہد پرویز وڑائچ
ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ نے تحصیل احمد پور شرقیہ کے علاقہ رسول پور، موضع بیٹ شکرانی، بیٹ بختیاری اور ملحقہ علاقوں کا دورہ کیا
بہاول پور:27/اگست( )ڈپٹی کمشنر بہاول پورزاہد پرویز وڑائچ نے تحصیل احمد پور شرقیہ کے علاقہ رسول پور، موضع بیٹ شکرانی، بیٹ بختیاری اور ملحقہ علاقوں کا دورہ کیا اور گذشتہ دنوں ہیڈپنجند اور زمیندارہ بند سے ملحقہ دریا کی پرانی گزر گاہ سے زیر آب آنے والی فصلات کا معائنہ کیا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122باقر حسین،ایکسئین محکمہ انہار کاشف علی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر بہاول پور نے علاقہ مکینوں سے بھی ملاقات کی اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نبردآزما ہونے کے لئے ہر ممکن امداد کا یقین دلایا۔ ڈپٹی کمشنر بہاول پور نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ زمیندارہ بند سے ملحقہ دریائی گزرگاہ سے زیر آب آنے والی فصلات کے نقصان کے ازالہ کے لئے سروے جلد ازجلدمکمل کیاجائے۔نیز محکمہ صحت، محکمہ زراعت، محکمہ لائیوسٹاک اورریسکیو 1122 کے ریلیف کیمپس مسلسل فعال رکھے جائیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ فلڈ ریلیف کیمپس میں محکمہ ہیلتھ، محکمہ لائیو سٹاک کے وٹرنری ڈاکٹرز و عملہ اور ریسکیو 1122کاسٹاف ریلیف سرگرمیوں کی فراہمی کے لئے ہمہ وقت موجود رہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ریلیف سرگرمیوں کی ادائیگی میں کسی قسم کی سستی اور غفلت نہ برتی جائے اورریلیف کیمپس کا عملہ اپنی ذمہ داریاں جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہو کر ادا کرے۔دریں اثناء ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122،ایکسئین انہاراور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے ریسکیو اینڈ ریلیف سرگرمیوں بارے ڈپٹی کمشنر بہاول پور کوتفصیلی بریفنگ دی۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر بہاول پور زاہد پرویز وڑائچ نے پنجند ہیڈ ورکس کا دورہ کیا اور ایکسین محکمہ انہار کاشف علی سے موجودہ سیلابی صورتحال بارے بریفنگ لی۔ڈپٹی کمشنر بہاول پور نے پنجند ہیڈ ورکس سے ملحقہ فلڈ بینکس کابھی دورہ کیااور حالیہ مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ایکسئن پنجند ہیڈ ورکس کاشف علی خان، ایس ڈی او ہیڈورکس طارق ملک اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122باقر حسین سمیت دیگر متعلقہ محکمہ جات کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر بہاول پور نے ایل ایم بی اور احمد پور شرقیہ فلڈ بینک کا بھی معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر بہاول پور نے کہا کہ پنجند ہیڈ ورکس میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش کو 7لاکھ کیوسک سے بڑھا کر 8لاکھ 65ہزار کیوسک کر دیا گیا ہے۔نیز پنجندہیڈ ورکس سے ملحقہ فلڈ بینکس”“پر تمام کام مکمل ہو چکے ہیں اور وہ ممکنہ سیلابی صورتحال کے لئے محفوظ ہیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ انہار و محکمہ آبپاشی کے افسران و عملہ دریا کے پشتوں اور حفاظتی بند وں کی موثر مانیٹرنگ کے عمل کو یقینی بنائیں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نبردآزما ہونے کے لئے تمام محکمہ جات مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں۔