ممکنہ سیلاب کی صورت حال سے نبردآزما ہونے کے لیے کمشنر راجہ جہانگیر انور کی صدارت میں اعلیٰ سطحی اجلاس
بہاول پور:22/اگست کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے کہا ہے کہ مون سون بارشوں کی وجہ سے ممکنہ سیلاب کی صورت حال سے نبردآزما ہونے کے لیے تمام محکمہ جات بروقت حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں۔ دریائی پٹی میں آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقلی، دریائی پشتوں و حفاظتی بندوں کی درستگی و مضبوطی سمیت تمام احتیاطی تدابیر کو بروقت مکمل کیا جائے۔یہ ہدایات انہوں نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران تینوں اضلاع کے انتظامی افسران سے خطاب کرتے ہوئے دیں۔ ویڈیو لنک اجلاس میں ڈپٹی کمشنر بہاول پور زاہد پرویز وڑائچ، ڈپٹی کمشنر رحیم یارخاں سید موسیٰ رضا، ڈپٹی کمشنر بہاول نگر کیپٹن (ر) محمد وسیم، چیف انجینئر محکمہ انہار خالد بشیر، ایڈیشنل کمشنر رابطہ فیصل عطا خان سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے ڈویژنل و ڈسٹرکٹ آفیسرز موجود تھے۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ بہاول پور ڈویژن میں سیلاب کا خطرہ نہیں ہے تاہم حفاظتی اقدامات کو مزید موثر بنایا جارہا ہے۔