حکومت کا سیلاب زدہ علاقوں کی بحالی کے لئے ڈونرز کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ
بین الاقوامی اداروں کو ملک میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر بریفنگ دی جائے ، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت
اسلام آباد۔22اگست (اے پی پی):حکومت نے سیلاب زدہ علاقوں کی بحالی کے لئے ڈونرز کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ بین الاقوامی اداروں کو ملک میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر بریفنگ دی جائے اور انہیں وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے جاری ریلیف اور بحالی کی کاوشوں سے آگاہ کیا جائے۔ پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے مخیر حضرات سے پرائم منسٹر فلڈ ریلیف فنڈ میں دل کھول کر عطیات جمع کرانے کی اپیل کی ہے۔ بیان کے مطابق وزیر اعظم نے متاثرہ علاقوں میں 40 ہزار خیمے اور ایک لاکھ راشن کے پیکٹس فی الفور بھیجنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں کی بحالی اور آبادکاری کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔ وزیر اعظم نے تمام متعلقہ اداروں کو متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور بحالی کے کاموں کو تیز کرنے کے لئے ایمرجنسی بنیادوں پر کام کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد اور بحالی سے متعلق امور پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے متعلقہ حکام کے اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان، وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ، رکن صوبائی اسمبلی پنجاب اویس لغاری، چیئرمین این ڈی ایم اے جنرل اختر نواز اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔