Advertisements

وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمدشہباز شریف کا یوم عاشورہ 1444/2022ہجری کے موقع پر قوم کے نام پیغام

shehbaz sharif
Advertisements

یومِ عاشور حق و باطل کے اس لازوال معرکے کی یاد دلاتا ہے جب سیدنا امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کی قیادت میں جذبۂ ایمانی سے سرشار جماعت نے باطل کی اطاعت سے انکار کیا، اور حق کی سربلندی کے لیے اپنے سے بظاہر طاقتور گروہ کے سامنے سینہ سپر ہو گئی، اور یوں اصولوں پر سمجھوتہ نہ کرتے ہوئے تا قیامت عزم و ہمت اور بہادری کا استعارہ بن گئی۔

نو اور دس محرم کے دن اہل بیت اور دیگر جانثار ساتھیوں کے ہمراہ، حضرت امام حسین ؓ نے بے سرو سامانی کے عالم میں ظلم و استبداد پر کاربند قوتوں کو للکارا اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے دین اسلام کوجلاء بخشی۔ آج اسلام انہی قربانیوں کی بنا پر زندہ ہے اوریہی قربانیاں اہل ایمان کو ابتلاء و آزمائش کی گھڑی میں عزم و ہمت کا حوصلہ دیتی ہیں۔

Advertisements

شہادت امام حسین ؓ اُمت مسلمہ کے لیے ایک عظیم درس ہے۔ ہم سب کو چاہئیے کہ ان کے فلسفہ شہادت کو اپنے لیے مشعل راہ بنائیں، اور حق کی سربلندی کے لیے ہر قسم کی آزمائش کا جوانمردی اور اسقامت کے ساتھ مقابلہ کریں۔

اس وقت ہمارا ملک جس نازک صورتحال سے دوچار ہے، ہمارے لیے اس جذبۂ جوان مردی اور حق گوئی کی اہمیت دو چند ہو جاتی ہے۔ اس لیے وطن عزیز کو ان مشکلات سے نکالنے کے لیے ہمیں صبر، ہمت اور یکسوئی کا مظاہرہ کرنا ہے۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ  ہمیں اسوہ امام حسین پر عمل پیرا ہونے کی توفیق  عطا فرمائے۔ پاکستان اور  پاکستانی  قوم  کو  خوشحالی  اور  ترقی  عطا  فرمائے۔ آمین
پاکستان پائندہ باد