عید الاضحی آج مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جائیگی
عیدالاضحیٰ پر صفائی کے انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: حمزہ شہباز
حضرت ابراہیم اور حضرت اسمٰعیل علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد میں عید الاضحی اتوار کو مذہبی جوش و جذبے سے منائی جائے گی۔
دِن کا آغاز مساجد میں ملک کی ترقی و خوشحالی اور سلامتی کے لئے خصوصی دعائوں سے ہو گا۔ نمازِ عید تمام بڑے شہروں اورقصبوں کی مساجد اور عید گاہوں میں ادا کی جائے گی۔
علماء کرام عید کے خطبوں میں حضرت ابراہیم اور حضرت اسمٰعیل علیہ السلام کی عظیم قربانی کے فلسفے پر روشنی ڈالیں گے ۔ سنت ابراہیمی کی پیروی میں لوگ جانوروں کی قربانی کریں گے۔
وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف نے عیدالاضحیٰ پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات کے لئے ضروری ہدایات جاری کردیں۔
حمزہ شہباز نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں اور ہر ضلع کی انتظامیہ کو زیرو ویسٹ آپریشن یقینی بنانے کا ٹاسک سونپ دیا۔
وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ صفائی کے انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، پنجاب کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں عیدالاضحیٰ پر آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگایا جائے، غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
حمزہ شہبازنے مزید کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لئے کوآرڈینیشن اور جامع پلان کے تحت فرائض سرانجام دیئے جائیں، ڈپٹی کمشنرز اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے افسران عید الاضحٰی پر فیلڈ وزٹ کرکے صفائی پلان کا جائزہ لیں۔
ا کا کہنا تھا کہ عیدالاضحیٰ پر کئے جانے والے تمام انتظامات کی ذاتی طور پر نگرانی کروں گا، عوام کو صاف ماحول اور سہولتیں فراہم کرنا متعلقہ ادارو ں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔