عارف عزیز شیخ احمد پور شرقیہ سے قومی اسمبلی کی نشست کے لئے قسمت آزمائی کریں گے
چنی گوٹھ (نامہ نگار) سابق رکن قومی اسمبلی عارف عزیز شیخ نے کہا ہے کہ وہ عام انتخابات میں احمد پور شرقیہ سے قومی اسمبلی کی نشست کے لئے قسمت آزمائی کریں گے۔اس مقصد کے لئے انہوں نے قومی حلقہ انتخاب میں اپنے دوست، احباب،سپورٹروں اور سرکردہ شخصیات سے مشاورت کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مخدوم سید امجد بخاری کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
عارف عزیز شیخ نے کسی سیاسی جماعت میں شمولیت کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس بارے میں جلد اس فیصلے کا اعلان کریں گے۔انہوں نے کہا کہ میرا اور میرے شیخ خاندان کا ماضی سب کے سامنے ہے کہ ہمیں جب بھی اقتدار ملا،ہم نے بلا تخصیص عوام کی خدمت کی۔تحصیل نائب ناظم احمد پور شرقیہ اور رکن قومی اسمبلی کے طور پر حتی المقدور مسائل کے حل کے لئے جدوجہد کی۔بحیثیت رکن قومی اسملبی سینکڑوں دیہاتوں میں بجلی اور گیس کے علاوہ شہر احمد پور شرقیہ میں بھی سڑکوں کے منصوبے مکمل کرائے اور درجنوں بے روزگار افراد کو ملازمتیں دلائیں۔عارف عزیز شیخ نے مزید کہا کہ وہ عنقریب اپنے مستقبل کے سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کریں گے،لیکن قبل ازیں مشاورت کا جاری عمل مکمل کرنے کے خواہاں ہیں۔