Advertisements

حکومتی محصولات کے اہداف بروقت مکمل کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں کمشنر راجہ جہانگیر انور

All resources should be utilized for timely completion of government revenue targets
Advertisements

بہاول پور:28/جون ( )کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے کہا ہے کہ حکومتی محصولات کے اہداف بروقت مکمل کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں اور ریونیو افسران فیلڈ میں سرکاری واجبات کے سوفیصد اہداف حاصل کرنے کے لیے فعال کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں زرعی انکم ٹیکس اور آبیانہ کے اہداف کے جائزہ کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ویڈیو لنک اجلاس میں ڈپٹی کمشنر بہاول پور عرفان علی کاٹھیا، ڈپٹی کمشنر بہاول نگر کیپٹن (ر) محمد وسیم، ڈپٹی کمشنر رحیم یارخاں سید موسیٰ رضا، ایم ڈی چولستان ترقیاتی ادارہ مہر محمد خالد، ایڈیشنل کمشنر ریونیو سید طارق بخاری، ایڈیشنل کمشنر رابطہ فیصل عطا خان، ایڈیشنل کمشنر ریونیو شاہد عمران مارتھ سمیت متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔ اجلاس میں محصولات کے اہداف، ڈیجیٹل گرداوری، پٹواریوں کی بھرتی، دیہی مرکز مال کے قیام سمیت محکمہ ریونیو کے دیگر جاری منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ قبل ازیں کمشنر بہاول پور راجہ جہانگیر انور نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈویژن بھر میں 144 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے گزشتہ ہفتے کے دوران9841کاروباری مراکز کا جائزہ لیا اور بے قاعدگی و گراں فروشی پر مجموعی طور پر 1779500/- روپے کے جرمانے عائد کیے۔ 114 ایف آئی آر درج کی گئیں جبکہ312 افراد کوموقع پر گرفتار کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومتی سبسڈی کے مطابق ڈویژن بھر میں 20کلوگرام آٹے کا تھیلا980/-روپے جبکہ10کلوگرام آٹے کا تھیلا 490/- روپے میں دستیاب ہے۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن نے انتظامی افسران کو ہدایت کی کہ عید قربان کے سلسلے میں مویشیوں کی خرید و فروخت کے لیے قائم کیے گئے سیلز پوائنٹس پر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور ان سیلز پوائنٹس پر جانوروں کی ویکسی نیشن و بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے محکمہ لائیو سٹاک کے خصوصی کاؤنٹرقائم کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ لمپی سکن بیماری سے مویشیوں کو محفوظ رکھنے کے لیے تمام تر احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیلز پوائنٹس گنجان آبادی سے دورکھلے علاقے میں بنائے جائیں تاکہ شہری ٹریفک میں خلل نہ آئے۔