کمشنر راجہ جہانگیر انور کا چھٹی کے روز پرائس کنٹرول سرگرمیوں کا جائزہ
کمشنر راجہ جہانگیر انور کا چھٹی کے روز شہر بھر میں پرائس کنٹرول سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لئے شہر کےمختلف مقامات کا اچانک دورہ
بہاول پور:5/جون کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے چھٹی کے روز شہر بھر میں پرائس کنٹرول سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لئے سہولت بازار، غلہ منڈی، سستا آٹا پوائنٹس، ریلوے روڈ پر واقع فلور مل سمیت شہر کے دیگر مختلف مقامات کا اچانک دورہ کیا اور اشیائے خوردونوش، سبزیوں، پھلوں، آٹا، چکن اور زرعی کھادوں کی مقرر کردہ نرخ پر فروخت کا معائنہ کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بہاول پور عرفان علی کاٹھیا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شاہد عمران مارتھ اور ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ بھی کمشنر بہاول پورڈویژن کے ہمراہ تھے۔کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے سہولت بازارکے دورہ کے موقع پر سبزیوں، پھلوں، پولٹری شاپ، سستا آٹا پوائنٹ اورایگریکلچر فیئر پرائس شاپ پر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا جائزہ لیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ عوام الناس کو مصنوعی مہنگائی سے نجات دلانے کے لئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جائیں اورحکومت پنجاب کی جانب سے اشیائے ضروریہ پر فراہم کی جانے والی سبسڈی کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ رکھا جائے۔کمشنر بہاول پور ڈویژن نے فرید گیٹ اور چوک فوارہ(ختم نبوت چوک) کے مقام پر واقع سستا آٹا پوائنٹس کا بھی معائنہ کیا اور سرکاری نرخ پر آٹا کی مستقل بنیادوں پر بلاتعطل فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔دریں اثناء کمشنر بہاول پورڈویژن نے ریلوے روڈ پر واقع فلور مل کا اچانک معائنہ کیا اور مل کے سٹاک رجسٹر سمیت حکومت کی جانب سے رعایتی نرخ پر گندم و آٹا کی فراہمی کے عمل کا بھی جائزہ لیا۔بعد ازاں کمشنر بہاول پور ڈویژن نے غلہ منڈی بہاول پور میں مختلف کھاد ڈیلرز کے سٹورز کا بھی معائنہ کیااور زرعی کھادوں کی سرکاری ریٹ پر دستیابی کے عمل کا جائزہ لیا۔اس موقع پر کمشنر بہاول پور ڈویژن نے غلہ منڈی میں کھاد خریدنے کے لئے آئے ہوئے کاشتکاروں سے کھاد کی مقررکردہ نرخوں پر دستیابی بارے بھی استفسار کیا اور انہیں یقین دلایا کہ زرعی کھادوں کی حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پر بلاتعطل فراہمی کے عمل کو جاری رکھا جائے گا اور کھادوں کی خریدوفروخت کے دوران ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت ترین قانونی کاروائیوں کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو ہر ممکن ریلیف دینے کے لئے حکومتی اقدامات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گااور ذخیرہ اندوزی و گراں فروشی میں ملوث افراد سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن نے ہدایت کی کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اپنی مانیٹرنگ کے عمل کو مزید موثر بنائیں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔t