برٹش کونسل کی جانب سے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے طلباء وطالبات میں تین کروڑ روپے مالیت کے وظائف تقسیم
برٹش کونسل کی جانب سے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے طلباء وطالبات میں تین کروڑ روپے مالیت کے وظائف تقسیم کئے گئے۔ مرکزی آڈیٹوریم بغدا د الجدید کیمپس میں منعقد ہونے والی خصوصی تقریب میں برٹش کونسل کے ڈائریکٹر سندھ، بلوچستان اور پنجاب مائیکل ہولگیٹ نے وائس چانسلر انجینئرپروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب اور ڈائریکٹر فنانشل اسسٹینس پروفیسر ڈاکٹر غلام حسن عباسی کے ہمراہ وظائف تقسیم کئے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں ڈائریکٹر برٹش کونسل نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی انتظامیہ اور طلباء وطالبات نے وظائف کے حصول کے لئے زیادہ جوش اور ولولے کا اظہار کیا یہی وجہ ہے کہ پاکستان بھر کے 296وظائف میں سے 81اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کو دئیے گئے۔ اس سال مجموعی طور پر پاکستان بھر سے 21ہزار درخواستیں موصول ہوئیں۔اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی طالبات کی کارکردگی لائق تحسین ہے۔ برٹش کونسل پاکستان کی سماجی اور معاشی ترقی کے لئے تعلیم کے کردار کو بہت اہمیت دیتی ہے۔ اس سلسلے میں معاشرے کے محروم طبقات خواتین اور اقلیتوں کو ترجیحی بنیادوں پر وظائف مہیا کیے جاتے ہیں۔ان وظائف کے لئے مالی مدد سکاٹ لینڈ کی حکومت نے فراہم کی۔ مجموعی طور پر اس سال پاکستان میں 15 ہزار طالبات وظائف سے مستفید ہوئیں جن میں 13ہزار کا تعلق سکولوں اور 2ہزار کا تعلق یونیورسٹیوں سے ہے۔پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر نے کہا کہ ہماری طالبات کے لئے مکمل مالی معاونت کے لئے وظائف خوش آئند امر ہے۔اس وقت حکومت پاکستان، حکومت پنجاب، برٹش کونسل اور دیگر اِداروں کی جانب سے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے17ہزار طلباء وطالبات کو 80کروڑ روپے کے وظائف فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ڈائریکٹر فنانشل اسسٹنس پروفیسر غلام حسن عباسی نے کہا کہ گزشتہ برس بھی برٹش کونسل نے 71طالبات کو وظائف اور لیپ ٹاپ فراہم کئے تھے۔ برٹش کونسل کی جانب سے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی غیر معمولی معاونت اور مدد پر شکر گزار ہیں۔ اس سے قبل برٹش کونسل کے ڈائریکٹر کو وائس چانسلر کے دفتر میں کپاس اور انٹر کراپنگ ٹیکنالوجی تحقیق سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ چولستان میں بارش میں اضافے کے ذریعے ایگر واکنامک زون کے قیام اور آرکیالوجی ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے ہاکڑہ تہذیب کے آثار قدیمہ سے متعلق دریافت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ برٹش کونسل کے ڈائریکٹر نے یونیورسٹی کی ہیپاٹائٹس مہم سے متعلق انجینئرنگ کالج میں جاری سرگرمی سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر مہم کے فوکل پرسن پروفیسر ڈاکٹر آصف نوید رانجھا اور سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد عثمان چیمہ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی اور پنجاب حکومت کے تعاون سے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے 60ہزار طلباء وطالبات اور فیکلٹی ممبران کی ہیپاٹائٹس سکریننگ اور ویکسین مہیا کی جائے گی گزستہ سال ہی یونیورسٹی فری ہیپاٹائٹس اسلامیہ یونیورسٹی قرار پا چکی ہے