چولستان میں 34 مقامات پر آر او پلانٹس لگائے جائیں گے کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ محمد جہانگیر انور
بہاول پور:31/مئی کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ محمد جہانگیر انور نے چولستان کے دوردراز علاقہ مامدی والا، قلعہ خان گڑھ، قلعہ بجنوٹ، مصری والا، نواکھو، مٹھڑیاں اور بلوٹہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بہاول پور عرفان علی کاٹھیا، منیجنگ ڈائریکٹر چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی مہر محمد خالد، اسسٹنٹ کمشنر جنرل لیاقت علی گیلانی، اسسٹنٹ کمشنر یزمان مجاہد عباس اور دیگر افسران ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ چولستان میں پانی کی سپلائی کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ مختلف آبادی کے مقامات پر آر او پلانٹس کی تنصیب کی جائے گی۔ انہوں نے چولستان میں پینے کے لیے پانی ذخیرہ کرنے کے روایتی کنڈز کا بھی معائنہ کیا۔راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ چولستان میں 34 مقامات پر آر او پلانٹس لگائے جائیں گے جن سے تقریباً15ہزار انسانی آبادی مستفید ہوگی جبکہ ان علاقوں کے ڈھائی لاکھ سے زائد مال مویشی کی بھی پانی کی ضرورت پوری کی جا سکے گی۔