تحریک عدم اعتماد کامیاب نہیں ہوگی آخری دم تک اس مافیا کا مقابلہ کریں گے وزیراعظم عمران خان

imran khan

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم آخری دم تک اس مافیا کا مقابلہ کریں گے، تحریک عدم اعتماد کامیاب نہیں ہوگی

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں ملکی سیاسی صورتحال، اتحادی جماعتوں اور ارکان سے رابطوں کا جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے قانونی ٹیم نے بھی ملاقات کی، وزیراعظم کو سپریم کورٹ میں صدارتی ریفرنس پر سماعت پر بریفنگ دی گئی، جب کہ حکومت نے قومی اسمبلی اجلاس کے حوالے سے حکمت عملی تیار کر لی ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم آخری دم تک اس مافیا کا مقابلہ کریں گے، تحریک عدم اعتماد کامیاب نہیں ہوگی، یہ اپوزیشن کی غلط فہمی ہے میں دباؤ میں آجاؤں گا، 27 مارچ کو عوام بتا دیں گے وہ کس کے ساتھ ہیں۔ذرائع   کے مطابق وزیراعظم نے پارٹی کی سینیئر قیادت کو جلسے سے متعلق ٹاسک سونپ دیے ہیں۔ پارٹی کارکنان کو27 مارچ کو جلسے کا وقت سہہ پہر 3 بجے کا دیا جائےگا،پی ٹی آئی کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی بھی جلسےمیں شریک ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق پارٹی کی سینیئر قیادت اپنے علاقوں سے ریلیوں کی قیادت کرے گی، حماد اظہر لاہور، پرویز خٹک پشاور سے ریلی کی قیادت کریں گے۔

ذرائع پی ٹی آئی کے مطابق شیخ رشید اور  عامر کیانی راولپنڈی سے ریلی کی قیادت کریں گے، فواد چوہدری جہلم، مراد سعید سوات سے ریلی کے ساتھ پریڈ  گراؤنڈ پہنچیں گے، فرخ حبیب فیصل آباد، علی زیدی سندھ سے ریلی کے ہمراہ اسلام آباد پہنچیں گے۔