او آئی سی کانفرنس مسئلہ کشمیر پر نہیں افغانستان پر ہو رہی ہے، بلاول
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہےکہ اسلام آباد میں او آئی سی کانفرنس ہو رہی ہے لیکن یہ پاکستان پر نہیں افغانستان پر ہو رہی ہے، یہ کانفرنس طالبان کے لیے بلوائی جارہی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکمراں جماعت کا کام تھا کشمیر کاز کو سبوتاژ کرنا اور حکومت کو یہ ٹاسک دیا گیا تھا کہ ملک کی خودمختاری کو نقصان پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے سی پیک، ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبہ شروع کیا اور وزیرا عظم عمران خان کا کام ہی یہ تھا کہ سی پیک کو سبوتاژ کرو اور آپ نے یہ کیا، ہم آپ کی فارن فنڈنگ کیس کی کرپشن کا حساب مانگ رہے ہیں، آپ کے پاس ہر ادارہ تھا 3سال میں کیوں کسی کے خلاف کرپشن کا ثبوت پیش نہیں کیا۔
بلاول کا کہنا تھا کہ بزدل کپتان عدم اعتماد کے ووٹ سے بھاگ رہا ہے، جو کپتان جیتنے والا ہو وہ نہیں بھاگتا، آئین میں ہےکہ عدم اعتماد پیش ہونےکہ 14 دن میں اسپیکرکو اجلاس بلانا ہے، عدم اعتماد سے متعلق آئین شکنی پر ہم سپریم کورٹ جارہے ہیں، اسپیکر کے خلاف متحدہ اپوزیشن کے متفقہ فیصلے کے تحت چلیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمت ہے تو باقی باتیں چھوڑو اور پارلیمنٹ میں ہمارا مقابلہ کرو، نمبر گیم ثابت کرتے ہیں حکومت اکثریت کھو چکی ہے، انہوں نے سندھ ہاؤس پر حملہ کیا، اس شخص نے پارلیمان پر اور لاجز پر حملہ کیا، تین سال کے دوران آپ ضمنی الیکشن ہارے، جعلی مینڈیٹ رد ہوا، آپ ایک ضمنی وبلدیاتی الیکشن نہیں جیت سکتے تو سیاسی مستقبل کا کیا ہوگا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کی سوشل میڈیا ٹیم اور وزرا جو مہم چلا رہے ہیں اس کا اعلیٰ سطح پر نوٹس لیا جائے، وزیراعظم اور وزرا کی کوشش ہے کہ اداروں کو متنازع بنایا جائے، تاریخ میں لکھا جائے گا کہ کون سلیکٹڈ کے ساتھ کھڑا تھا اور کون جمہوریت کے ساتھ۔