پاکستان ا ور متحدہ عرب امارات میں تاریخی برادرانہ تعلقات، دھابی گروپ سے کنسٹرکشن سیکٹر میں معاہدہ خوش آئند ہے
لاہور میں مبارک سینٹر کی تعمیر سے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ معاشی سرگرمیاں بھی فروغ پائینگی:عثمان بزدار
دھابی گروپ 60 ارب روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کرے گا،پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے ساز گار ماحول فراہم کیا ہے
لاہور21 فروری: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان ا ور متحدہ عرب امارات کے مابین تاریخی برادرانہ تعلقات موجود ہیں۔ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں متحدہ عرب امارات کا تعاون لائق تحسین ہے اور تعلیم،صحت اوردیگر شعبوں کی بہتر ی کیلئے متحدہ عرب امارات کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ پاکستانیوں کی بڑی تعدادمتحدہ عرب امارات میں مقیم ہے۔ متحدہ عرب امارات نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ بھر پور تعاون کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دبئی میں دھابی گروپ کے ساتھ کنسٹرکشن کے شعبہ میں معاہدہ خوش آئند ہے۔لاہور میں مبارک سینٹر کی تعمیر سے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ معاشی سرگرمیاں بھی فروغ پائیں گی۔دھابی گروپ 60 ارب روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کرے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق حکومت پنجاب نے صوبے میں سرمایہ کاری کیلئے ساز گار ماحول فراہم کیا ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے وزیراعلیٰ سہولت مرکز قائم کیا ہے۔یہ سینٹر سرمایہ کاری سے متعلقہ امور کے حوالے سے تمام اقدامات فوری اٹھاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری سہولت سینٹر سے سرمایہ کاروں کو متعلقہ اداروں کے حکام تک براہ راست رسائی حاصل ہوئی ہے۔بزنس کی پلاننگ سے پراجیکٹ کے آغاز تک حائل رکاوٹوں کو آسانی سے دور کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ٹھوس اقدامات سے صوبے میں سرمایہ کاری کو فروغ مل رہا ہے۔