وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے پیپلز پارٹی کے ایم پی اے رئیس نبیل احمد کی ملاقات
وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے پیپلز پارٹی کے ایم پی اے رئیس نبیل احمد کی ملاقات،بہاولپور ڈویژن کیلئے صحت کارڈ کے اجراء پر وزیراعلیٰ سے اظہار تشکر
اپوزیشن کے عدم اعتماد کے کھوکھلے نعروں سے ہوا نکل چکی ہے،اتحادی ساتھ ہیں اورساتھ رہیں گے:عثمان بزدار
ہر ضلع کا علیحدہ ترقیاتی پیکیج ترتیب دیا ہے،اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی تجاویز کو بھی ترقیاتی پیکیج میں شامل کیا گیا ہے
لاہور14 فروری:وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے آج وزیراعلیٰ آفس میں پیپلز پارٹی کے رکن پنجاب اسمبلی رئیس نبیل احمد نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور، ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت اور حلقے کے مسائل کے حل کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔رئیس نبیل احمد نے بہاولپور ڈویژن کے لئے نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کے اجراء پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے اظہار تشکرکیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نازک حالات میں اپوزیشن کے انداز سیاست پر صدافسوس ہے۔ اپوزیشن حساس معاملات پر بھی منفی سیاست سے باز نہیں آئی۔ اپوزیشن نے اپنی مردہ سیاست کو زندہ کرنے کی مذموم کوشش کی۔اپوزیشن ڈوبتی سیاست کے لئے مختلف سہار ے ڈھونڈ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ منتخب نمائندوں کے حلقوں کے مسائل ان کی مشاورت سے حل کر رہے ہیں۔ہر ضلع کا علیحدہ ترقیاتی پیکیج ترتیب دیا ہے۔اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی تجاویز کو بھی ترقیاتی پیکیج میں شامل کیا گیا ہے۔تحریک انصاف کی حکومت ترقی کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائے گی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن کے عدم اعتماد کے کھوکھلے نعروں سے ہوا نکل چکی ہے۔اتحادی پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ہیں اورساتھ رہیں گے۔ اتحادیوں کے ساتھ بہترین ور کنگ ریلشن شپ ہے۔اپوزیشن کی سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس نہ نمبرز ہیں اور نہ ہی انہیں گیم کا علم ہے۔بد قسمتی سے اپوزیشن کے پاس نہ کوئی ایجنڈا ہے نہ کوئی پروگرام۔پراپیگنڈا کی سیاست اپوزیشن کا وطیرہ ہے۔مخالفین صرف پوائنٹ سکورنگ کرنے میں مصروف ہیں۔ایسے عناصر کو پہلے بھی ہزیمت اٹھانا پڑی اور آئندہ بھی ناکامی کاسامنا کرنا پڑے گا۔