وزیر اعلیٰ عثمان بزدارسے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی ملاقات
وزیر اعلیٰ عثمان بزدارسے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی ملاقات،اپوزیشن کی منفی سیاست کی مذمت، اپوزیشن کے ہر ہتھکنڈے کا ڈٹ کر مقابلہ کرینگے
عدم اعتماد کا شوشہ لانگ مارچ سے راہ فرار کیلئے چھوڑا گیا ہے،لانگ مارچ ہو یا شارٹ مارچ، حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑے گا:عثمان بزدار
پاکستان کی ناکام ترین اپوزیشن کو ہر موقع پر شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، پنجاب میں اتحادی جماعت کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے یونیورسل ہیلتھ انشورنس کا پروگرام متعارف کرا کر دکھی انسانیت کی حقیقی خدمت کی ہے:سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر
اپوزیشن کی سیاسی انتشار پھیلانے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی، موجودہ حالات میں افراتفری کی سیاست قومی مفادات کے منافی ہے
لاہور10فروری:- وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے آج وزیراعلیٰ آفس میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور،سیاسی صورتحال اورفلاح عامہ کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیاگیا-وزیر اعلی عثمان بزدار اور سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرنے اپوزیشن کی منفی سیاست کی مذمت کی اور اس بات پر اتفاق کیا کہ اپوزیشن کے ہر ہتھکنڈے کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے- وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عدم اعتماد کی باتیں کرنے والو ں نے پہلے استعفوں او رلانگ مارچ کے نعرے لگائے-عدم اعتماد کا شوشہ لانگ مارچ سے راہ فرار کے لئے چھوڑا گیا ہے-لانگ مارچ ہو یا شارٹ مارچ، حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑے گا-پاکستان کی ناکام ترین اپوزیشن کو ہر موقع پر شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے- پنجاب میں اتحادی جماعت کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں -انہوں نے کہاکہ پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود سب سے زیادہ مقدم ہے-پنجاب کی 73فیصد آبادی کو نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کے ذریعے ہیلتھ کوریج فراہم کردی ہے-مارچ کے آخر تک پنجاب کی پوری آبادی کو یونیورسل ہیلتھ انشورنس فراہم کردیں گے اورہر خاندان کوسالانہ 10لاکھ روپے مفت علاج کی سہولت دے رہے ہیں -سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کے اجراء پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے اقدام کی تعریف کی اور کہا کہ پنجاب حکومت نے یونیورسل ہیلتھ انشورنس کا پروگرام متعارف کرا کر دکھی انسانیت کی حقیقی خدمت کی ہے- اپوزیشن کی سیاسی انتشار پھیلانے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی-انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات میں افراتفری کی سیاست قومی مفادات کے منافی ہے- پنجاب عثمان بزدار کی قیادت میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار اور سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرنے باہمی رابطوں کو مزید موثر بنانے پربھی اتفاق کیا- اراکین قومی اسمبلی حیدر علی خان، جنید اکبر خان، صالح محمد خان، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے-