عمران خان 4 روزہ دورے پر چین پہنچ گئے
وزیراعظم چین کے 4 روزہ دورے پر بیجنگ پہنچ گئے ہیں۔
بیجنگ ائیرپورٹ پہنچنے پر چین کے نائب وزیر خارجہ، چینی سفارتی حکام اور چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔
وزیراعظم عمران خان 4 روز تک چین میں قیام کریں گے، ان کے ہمراہ وفد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ شوکت ترین، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر اطلاعات فواد چوہدری، مشیر قومی سلامتی معید یوسف، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور معاون خصوصی چین پاکستان اقتصادی راہداری خالد منصور ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان چین میں سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے، وہ چینی صدر شی جن پنگ اور چینی پریمئیر لی کی چیانگ سے اہم ملاقاتیں کریں گے، اور اس کے علاوہ پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والے چینی سرمایہ کاروں کے وفود سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور غیرملکی سربراہان سے بھی ملاقاتیں شیڈول ہیں۔