وزیراعظم چینی قیادت کی خصوصی دعوت پر تین سے چھ فروری تک چین کا دورہ کریں گے
ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان دورے کے دوران وہ چینی صدر اور وزیراعظم کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے، ملاقاتوں میں رہنما دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے، سی پیک سمیت مضبوط تجارتی اور اقتصادی تعاون پر خصوصی توجہ دی جائے گی،دونوں ممالک کی قیادت اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا وزیر اعظم کا دورہ پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ کی یادگاری تقریبات کا اختتام ہوگا، وزیراعظم عمران خان کے دورے کے دوران متعدد ایم او یوز اور معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے، ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایک عالمی ایونٹ کے طور پر اولمپک گیمز دنیا کے لوگوں کے درمیان باہمی افہام و تفہیم، شمولیت اور دوستی کو فروغ دیتے ہیں، بیجنگ اولمپک گیمز کے موسم گرما اور سرما دونوں ایڈیشن کی میزبانی کرنے والا پہلا شہر بن جائے گا جب کہ چینی حکومت نے کورونا کے باوجود سرمائی اولمپک گیمز کے انعقاد کے لیے قابل تعریف انتظامات کیے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان چینی قیادت کی خصوصی دعوت پر 3 سے 6 فروری تک چین کا دورہ کریں گے، اور وہ اس دوران ونٹر اولمپک گیمز کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔