دوران ڈیوٹی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران و اہلکاروں کے اعزاز میں سنٹرل پولیس آفس میں تقریب

CM Punjab 1

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہائی پروفائل کیسز کو کامیابی سے حل کرنے والے فیلڈ افسران و اہلکاروں میں تعریفی اسناد اور نقد انعامات تقسیم کئے

سانحہ سیالکوٹ، خوشاب میں اغواء ہونیوالے کم سن بچے کی بحفاظت بازیابی اور پاکستانی نژاد امریکی شہری وجیہہ سواتی کے کیسز حل کرنیوالی ٹیموں کو انعامات دئیے گئے

انعامات حاصل کرنے والوں میں آر پی او گوجرانوالہ، ڈی پی او سیالکوٹ، ڈی پی او خوشاب، ایس ڈی پی او، 6 ایس ایچ اوز، وارڈن، سب انسپکٹر، ہیڈ کانسٹیبل اور کانسٹیبل شامل

لاہور24جنوری: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے آج سنٹرل پولیس آفس دورے کے موقع پر دوران ڈیوٹی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران واہلکاروں میں تعریفی اسناد اور نقد انعامات تقسیم کئے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے آر پی او گوجرانوالہ، ڈی پی او سیالکوٹ اور ڈی پی او خوشاب، ایس ڈی پی او، 6 ایس ایچ اوز، وارڈن، سب انسپکٹر، ہیڈ کانسٹیبل اور کانسٹیبل کو تعریفی اسناد اور نقد انعامات دیئے۔سانحہ سیالکوٹ میں فرض شاسی کے ساتھ فرائض ادا کرنے اور 86 مرکزی ملزمان کو گرفتار کرنے پر آر پی او گوجرانوالہ عمران احمر، ڈی پی او سیالکوٹ عمر سعید ملک، ایس ڈی پی او صدر سیالکوٹ کو تعریفی اسناد دی گئیں جبکہ ایس ایچ او تھانہ اگوکی اور وارڈن سیالکوٹ پولیس کو فی کس 50 ہزار کیش اور سر ٹیفکیٹ دئیے گئے۔ اسی طرح خوشاب میں کم سن بچے کے اغواء برائے تاوان کا کیس کامیابی سے حل اور بچے کی بحفاظت بازیابی پر ڈی پی او خوشاب محمد نوید کو تعریفی سند دی گئی اور ان کی ٹیم میں شامل ایس ایچ او جوہر آباد کو ایک لاکھ کیش اور تعریفی سرٹیفکیٹ، نوشہرہ، مٹھاٹوانہ اور سٹی جوہر آباد کے ایس ایچ اوز کو 50 ہزار فی کس اور تعریفی اسناد دی گئیں۔پاکستانی نژاد امریکی شہری وجیہہ سواتی کے اغواء اور قتل کا کیس حل کرنے پر راولپنڈی پولیس کے چار اہلکاروں کو انعامات دئیے گئے۔ ایس ایچ او مورگاہ اور سب انسپکٹر ناصر ممتاز کو 50 ہزار اور سرٹیفکیٹ جبکہ ہیڈ کانسٹیبل یاسر نعمان اورکانسٹیبل جابر حسین کو 30 ہزار فی کس اور سرٹیفکیٹ دئیے گئے۔ انسپکٹر جنرل پولیس راؤ سردار علی خان سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ آج کی تقریب سزا سے پہلے جزا کی پالیسی کا تسلسل ہے جس کے مطابق دوران ڈیوٹی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکاروں کو نقد انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازاجاتا ہے اور یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔