عمران خان کی دھمکیاں گیڈر بھبکیوں کے سوا کچھ نہیں،مریم نواز
لاہور: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران خان جن کارٹلز ومافیاز کی شکایات کررہے ہیں وہ ان کے دائیں بائیں ہیں، وہ مافیا جس نے 220 ملین لوٹا وہی ان کا کچن چلا رہا ہے
وزیراعظم عمران خان کی عوام سے فون کالز پر کی گئی گفتگو کے ردعمل میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ آپ کی دھمکیاں کہ اقتدار سے نکالا گیا تو مزید خطرناک ہوجاؤں گا، گیدڑ بھبکیوں کےسوا کچھ نہیں ہیں، نہ آپ نواز شریف ہیں جس کے پیچھےعوام کھڑی تھی نہ آپ بیچارے اور مظلوم ہیں
آپ سازشی ہیں اور مکافات عمل کا شکار ہوئے ہیں۔
لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کے اب رونے دھونے اور ڈرامہ کرنے کا کوئی فائدہ نہیں، سامان اٹھائیں اور چلتے بنیں، آپ جتنی دیر اقتدار سے چپکے رہیں گے اپنی اور عوام کی مشکلات میں مزید اضافے کا باعث بنیں گے، آپ عبرت ناک شکست کھا چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شریف فیملی اور ن لیگ کےخلاف بنائےگئےکیسز جھوٹے اور من گھڑت ہیں، شریف فیملی اور ن لیگ کے خلاف کیسوں کا یہی حشر ہونا تھا جو ہوا، آپ کے پاس الزام کے لیے صرف کینہ اور انتقام ہے۔