نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے کورونا کے باعث اپنی شادی ملتوی کر دی
نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے ملک میں کورونا کی نئی لہر کی وجہ سے اپنی شادی کی تقریب ملتوی کر دی۔
نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ ٹیلی ویژن کے میزبان کلارک گیفورڈ کے ساتھ ان کی شادی کی تقریب منعقد نہیں ہوسکے گی۔ ایک صحافی نے ان سے سوال پوچھا کہ وہ اپنی شادی کی منسوخی کے بارے میں کیسا محسوس کرتی ہیں، جس پر آرڈرن نے جواب دیا یہی زندگی ہے، ہزاروں دوسرے نیوزی لینڈ کے باشندے جنہوں نے وبائی امراض سے بہت زیادہ تباہ کن اثرات محسوس کیے ہیں جن میں سے سب سے زیادہ نقصان کسی عزیز کے ساتھ نہ رہنا ہے جب وہ شدید بیمار ہوتے ہیں اور یہ سب میری اداسی سے کئی گنا بڑھ کر ہے۔ نیوزی لینڈ میں اومی کرون کے پھیلاؤ کے سبب سخت پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں اور عوام کو بھی ایس او پیز کا خیال رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کووڈ کے بڑھتے کیسز کے سبب ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے، ملک میں فوری طور پر اقدامات کیے گئے اور نئی پابندیاں نافذ کی گئیں جن کا اطلاق اتوار کو مقامی وقت کے مطابق رات 11 بجے سے ہوگا۔