بغیر ویکسینیشن بچوں کو اسکول آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ مراد راس‎‎

Murad Raas

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر تعلیم پنجاب مراد راس کا کہنا تھا کہ این سی او سی اجلاس میں اسکولز پر سب سے آخر میں بات ہوئی، دیگر چیزوں کے بند ہونے تک اسکولز کی بندش کا فیصلہ نہیں کر سکتے،  12 سال سے کم عمر کی بچوں کی کلاسز 50 فیصد حاضری کے ساتھ ہوں گی،12 سال سے کم عمر کے بچوں کی ویکسینیشن نہیں ہوئی، بغیر ویکسینیشن بچوں کو اسکول آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ مراد راس کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی نے پہلی بار پرائمری طلبہ کو ناظرہ جبکہ چھٹی سے 12 ویں تک کے طالب علموں کو ترجمے کے ساتھ قرآن پاک پڑھانے کا ایکٹ پاس کیا ہے، اب تعلیمی اداروں میں قرآن پاک لازمی پڑھانے پر عملدرآمد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نجی اسکولز یونیفارم میں ترمیم کریں۔ صوبائی وزیر تعلیم نے اسکولوں کو طلبا کیلئے ٹوپی اور طالبات کیلئے دوپٹہ یا اسکارف یونیفارم کاحصہ بنانے کی ہدایت کی۔ مراد راس نے مزید بتایا کہ صوبے میں اساتذہ کی 16 ہزار اسامیوں کا اشتہار دو ماہ تک آجائے گا۔