وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت مری میں شدید برفباری سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینے سے متعلق ہنگامی اجلاس

Usman-Buzdar

 مری میں جاری ریسکیو آپریشن کا تفصیلی جائزہ، رات سے قبل سیاحوں کو نکالنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت

 سیاحوں کو بحفاظت نکالنے کیلئے ہر وہ اقدام اٹھایا جائے جو انسانی بس میں ہو، بجلی کی بحالی کیلئے واپڈا حکام سے رابطے میں ہیں

 انتظامیہ کو کھانے پینے کی اشیاء اور ادویات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت، تمام صورتحال کا خود جائزہ لے رہا ہوں

لاہور8 جنوری:  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت آج 90 شاہراہ قائداعظم پر مری میں شدید برفباری سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینے سے متعلق ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مری میں جاری ریسکیو آپریشن کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور سیکرٹری تعمیرات و مواصلات کو امدادی سرگرمیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ مری میں پھنسے ہوئے سیاحوں کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن تیز کیا جائے۔ انہو ں نے کہا کہ مری جانے والے تمام راستے بند کر دیئے گئے ہیں اور خیبرپختونخوا کی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ رات سے قبل سیاحوں کو نکالنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں اور سیاحوں کو بحفاظت نکالنے کیلئے ہر وہ اقدام اٹھایا جائے جو انسانی بس میں ہو۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ مری میں ریسٹ ہاؤسز اور سرکاری دفاتر کو سیاحوں کیلئے کھول دیا گیا ہے۔مری کو آفت زدہ قرار دے کر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ پولیس کی اضافی نفری کو مری بھجوانے کی ہدایت کی ہے اور امدادی سرگرمیوں کیلئے فوج کو بھی طلب کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مری میں بجلی کی بحالی کیلئے واپڈا حکام سے رابطے میں ہیں۔پھنسے ہوئے سیاحوں کو کھانے پینے کی اشیاء اور دیگر امدادی سامان ترجیحی بنیادوں پر فراہم کیا جا رہا ہے۔مری میں کھانے پینے کی اشیاء اور ادویات لے کر جانے والی گاڑیوں کو داخلے کی اجازت ہے۔وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو کھانے پینے کی اشیاء اور ادویات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ دیگر شہروں سے ضروری مشینری بھی مری بھجوائی گئی ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ میں تمام صورتحال کا خود جائزہ لے رہا ہوں اور ہماری کوشش ہے کہ رات سے قبل ریسکیو آپریشن کو مکمل کر لیا جائے اور اس مقصد کیلئے پنجاب حکومت کی تمام مشینری مری میں ریسکیو آپریشن میں مصروف ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر کمشنر آفس راولپنڈی اور پی ڈی ایم اے میں کنٹرول روم قائم کر دیئے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر سیکرٹری تعمیرات و مواصلات بھی مری روانہ ہو گئے ہیں۔ ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔