وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے مری کو آفت زدہ قرار دیدیا، ایمرجنسی کا نفاذ،ریسکیو آپریشن مزید تیز کرنے کا حکم
وزیراعلیٰ کا ہیلی کاپٹر ریسکیو سرگرمیوں کے لئے روانہ، موسم بہتر ہوتے ہی ہیلی کاپٹر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے گا
مری کی صورتحال کے تناظر میں تمام اداروں میں ایمرجنسی نافذ،امدادی سرگرمیوں کیلئے فوج بھی سول انتظامیہ کی مدد کیلئے طلب
سیاحوں کو نکالنا پہلی ترجیح،مری اور ملحقہ علاقوں میں ریسٹ ہاؤسز اور سرکاری اداروں کو سیاحوں کیلئے کھول دیا ہے:عثمان بزدار
سیاحوں کو کھانے پینے کی اشیاء اور ضروری امدادی سامان فراہم کیا جا رہا ہے، قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج ہوا ہے
ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں اور حکومت سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے
لاہور 8 جنوری: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے شدید برفباری کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر مری میں ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کر دیا ہے اور مری کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا ہے۔ اس ضمن میں ریلیف کمشنر/ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنا ہیلی کاپٹر بھی ریسکیو سرگرمیوں کے لئے دے دیا ہے او رہیلی کاپٹر لاہور سے روانہ ہو گیا ہے۔ موسم بہتر ہوتے ہی ہیلی کاپٹر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مری کی صورتحال کے تناظر میں تمام اداروں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔پولیس، انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور ہسپتالوں میں ہنگامی حالت کا نفاذ کیا گیا ہے۔چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ریلیف کمشنر، ڈی جی ریسکیو 1122اور ڈی جی پی ڈی ایم کو ریسکیو سرگرمیوں کی ہدایت کی گئی ہے۔امدادی سرگرمیوں کیلئے فوج کو بھی سول انتظامیہ کی مدد کیلئے طلب کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پھنسے ہوئے سیاحوں کو نکالنا پہلی ترجیح ہے۔مری اور ملحقہ علاقوں میں تمام ریسٹ ہاؤسز اور سرکاری اداروں کو سیاحوں کیلئے کھول دیا گیا ہے۔ڈی جی ریسکیو 1122 کو فوری طور پر مری جا کر ریسکیو آپریشن کو لیڈ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سنو کٹر اور ضروری مشینری راولپنڈی اور دیگر شہروں سے مری بھجوائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحوں کی زندگیاں سب سے اہم ہیں۔ سیاحوں کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن کو مزید تیز کر دیا گیا ہے اور سیاحوں کو کھانے پینے کی اشیاء اور ضروری امدادی سامان فراہم کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مری میں برفباری کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں اور حکومت سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ برف باری سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج ہوا ہے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مری میں برف باری میں پھنسے لوگوں کو بحفاظت نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن مزید تیز کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو 1122 کے افسران اور عملہ امدادی سرگرمیاں مزید تیز کرے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ریسکیو آپریشن کیلئے راولپنڈی اور دیگر شہروں سے اضافی مشینری اور عملہ مری بھجوانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سیاحوں کو ضروری امدادی اشیاء بھی فراہم کی جائیں۔