اپوزیشن کا قومی اسمبلی میں غیر پارلیمانی رویہ قابل مذمت، جمہوری روایات کی دھجیاں اڑائیں:عثمان بزدار

Usman-Buzdar

 اپوزیشن اراکین کو اپنے غیر حاضر لیڈروں پر احتجاج کرنا چاہیئے تھا، غیر حاضر لیڈر سیاست سے ہمیشہ کیلئے غیر حاضر ہو چکے ہیں

لاہور31دسمبر:  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اپوزیشن کا قومی اسمبلی میں غیر جمہوری اور غیر پارلیمانی رویہ قابل مذمت ہے۔ اپوزیشن کے اراکین نے جمہوری روایات کی دھجیاں اڑائیں۔ اپوزیشن کا بلاجواز شور شرابا صرف خود نمائی کی ناکام کوشش تھا۔ اپوزیشن اراکین کو اپنے غیر حاضر لیڈروں پر احتجاج کرنا چاہیئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی سے اپوزیشن کے غیر حاضر لیڈر پاکستان کی سیاست سے بھی ہمیشہ کیلئے غیر حاضر ہو چکے ہیں۔ اپوزیشن مہنگائی کی آڑ میں منفی سیاست کر رہی ہے۔ موجودہ حالات میں انتشار کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں۔ اپوزیشن کو عوام کے مسائل سے کوئی غرض نہیں، انہیں صرف اقتدار کی تڑپ ہے۔ اپوزیشن کا موجودہ حالات میں رویہ ملکی مفاد کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں عوام میں اپنی ساکھ کھو چکی ہیں۔ تاریخ گواہ ہے کہ اپوزیشن ٹولے نے ہمیشہ جمہوری، آئینی اور پارلیمانی روایات کو پامال کیا ہے۔ قوم اس منافق ٹولے کے دوغلے چہروں کو پہچان چکی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کی حکومت جمہوری، آئینی اورپارلیمانی روایا ت کی امین ہے۔