ہاکی کے میدان میں اپنا کھویا ہوامقام دوبارہ حاصل کرنےکیلئے سخت محنت کی ضرورت ہے خالد محمود ججہ
ممبر صوبائی اسمبلی نے انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی فائنلز کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے اور ڈسٹرکٹ کے کھلاڑیوں کو مجموعی طور پر ایک لاکھ روپے بطور انعام دیا
یزمان ( میاں عبید اللہ نامہ نگار )چیف منسٹر آزادی کپ ہاکی لیگ 2024ء کے سلسلہ میں انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی فائنلز مطیع اللہ خان ہاکی سٹیڈیم میں کھیلے گئے۔ پہلے فائنل میں ڈسٹرکٹ بہاولپور بوائز نے ڈسٹرکٹ بہاولنگر بوائز کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا جبکہ دوسرے فائنل گرلز کیٹگری میں ڈسٹرکٹ بہاولپور گرلز نے ڈسٹرکٹ رحیم یار خان گرلز کو ایک گول کے مقابلہ میں 7 گول سے ہرا دیا۔ تقریب میں ممبر صوبائی اسمبلی خالد محمود ججہ نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ ہاکی کے میدان میں ہماری تاریخ بہت تابناک رہی ہے اور اپنا کھویا ہوامقام دوبارہ حاصل کرنے اور ہاکی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے اعلیٰ معیار کی ٹرینگ اور لگن کے ساتھ سخت محنت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نہ صرف جسم کو تندرست و توانا بناتے ہیں بلکہ صحت مندتفریح کا بھی ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے اور اپنی جانب سے تمام ڈسٹرکٹ کے کھلاڑیوں کو مجموعی طور پر ایک لاکھ روپے بطور انعام دیا۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی بہاولپور محمد اکرم چوہدری نے بھی اظہار خیال کیا اور کھلاڑیوں کے کھیل اورنظم وضبط کی تعریف کی۔انہوں نے بتایا کہ 6 اگست سے 13اگست کے دوران لاہور میں انٹر ڈویژن چیف منسٹر آزادی کپ ہاکی لیگ میں بھی اس خطہ کے کھلاڑی شاندار کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔