پاکستان نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں آئرلینڈ کو شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی
ڈبلن: پاکستان نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آئر لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دیکر ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی، گرین شرٹس نے تین میچوں کی سیریز دو ایک سے اپنے نام کی۔ آئرلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 179رنز کا ہدف دیا تھا، قومی ٹیم نے ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا، پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم 75 سکور بنا کر ٹاپ سکورر رہے، محمد رضوان نے 56 رنز کی اننگز کھیلی، صائم ایوب نے 14 اور اعظم خان نے 18 رنز بنائے، افتخار احمد 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ قبل ازیں آئرلینڈ کے شہر ڈبلن کے کلونٹرف کرکٹ کلب میں ہونیوالے پاکستان آئرلینڈ ٹی 20 سیریز کے آخری اور فیصلہ کن میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کے کپتان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آئرلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے، کپتان لورکن ٹکر 73 رنز کیساتھ نمایاں رہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں اینڈریو بالبرنی نے 35، راس ایڈیئر نے 7، نیل راک نے 4، جارج ڈوکریل نے 6 رنز کی اننگز کھیلی، ہیری ٹیکٹر 30 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3، عباس آفریدی نے 2 ، عماد وسیم اور محمد عامر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔