احمد پور شرقیہ کی قدیمی عیدگاہ اہل حدیث میں گٹروں کا پانی چھوڑ دیا گیا،عیدالفطر کی آمد آمد ہے،بلدیہ فوری صفائی کرائے
ْ گٹروں کے بند ہونے سے نالیاں ابل پڑیں،مقامی رہائشیوں نے غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نالیوں کا پانی عیدگاہ میں چھوڑ دیا
کمیٹی عید گاہ اہل حدیث” کے اراکین وجملہ اہل اسلام کا اسسٹنٹ کمشنر سے فوری صفائی وستھرائی کا مطالبہ
احمد پور شرقیہ (حمیداللہ خان عزیز سے) عیدگاہ اہل حدیث،نزد چونگی پیرواہ میں گٹروں کا پانی چھوڑ دیا گیا،عملہ صفائی غائب،بلدیہ نے آنکھیں بند کرلیں۔تفصیل کے مطابق عید گاہ اہل حدیث نزد چونگی پیرواہ احمد پور شرقیہ شہر کا معروف قدیمی مقام ہے۔جہاں سالانہ عیدین کے اجتماعات کے علاوہ آئے روز فوت شدگان کے نماز جنازہ ادا کیے جاتے ہیں، عید گاہ کی حالت اب یہ ہے کہ اس کے ایک طرف قرب وجوار کے مکینوں نے دیوار توڑ کر گٹروں کا پانی اندر چھوڑ دیا ہے،جس سے ہر طرف تعفن اور بدبو پھیل گئی ہے۔عید گاہ جو کہ نماز پڑھنے کی جگہ ہے وہاں گٹروں کا پانی بہہ رہا ہے۔واقعہ یہ ہے کہ عیدگاہ کے آس پاس کے گٹر بند چکے ہیں،جس کے باعث نالیوں کا پانی باہر نکل آیا اور مقامی رہائشیوں نے انتہائی غفلت کامظاہرہ کرتے ہوئے عیدگاہ کی دیوار توڑ کر گندے پانی کو اندر چھوڑ دیا ہے،اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،دوسری طرف عملہ بلدیہ نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں،عید گاہ کی نگران کمیٹی نے بار بار بلدیہ کو توجہ دلائی کہ لوگوں کے سیوریج کے دیرینہ مسائل حل کرکے عیدگاہ میں گندے پانی کا داخلہ بند کیا جائے، لیکن وہ ٹس سے مس نہیں ہوتے،عید گاہ اہل حدیث کے ممبران کمیٹی اور جملہ اہل اسلام نے اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ سے درخواست کی ہے کہ وہ اس مسئلے کا فوری نوٹس لیں کیوں کہ آئندہ دو ہفتوں کے بعد عید الفطر کی آمد آمد ہے،مردوں کے علاوہ خواتین کی بھی کثیر تعداد نماز عید کی ادائیگی کے لئے یہاں آتی ہے،عید کی نماز کے لئے عیدگاہ کے ماحول کا صاف ستھرا ہونا ازحد ضروری ہے۔