پاکستان کھپے کا نعرہ لگانے والی شخصیت کا صدر منتخب ہونا وفاق پاکستان کیلئے اچھی خبر ہے: مریم نواز
وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی آصف علی زرداری کو دوسری بار صدر مملکت منتخب ہونے پرمبارکباد
لاہور 9 مارچ:وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے آصف زرداری کو دوسری بار صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان منتخب ہونے پر مبارکباد دی اورکہا کہ ‘پاکستان کھپے’ کا نعرہ لگانے والی شخصیت کا ‘9 مارچ’ کو صدر منتخب ہونا وفاق پاکستان کے لئے اچھی خبر ہے۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے تہنیتی پیغام میں کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے پارلیمان اور وزیراعظم کے منصب کو طاقتور بنایا تھا۔یقین ہے کہ ان کے آنے سے ایوان صدر پارلیمان اور منتخب جمہوری حکومت کی طاقت میں اضافے کا باعث بنے گا۔آئین، جمہوریت اور وفاق دوست صدر کی موجودگی میں جمہوری حکومت عوامی فلاح، مہنگائی سے نجات اور پاکستان کے معاشی مسائل کے حل کے ایجنڈے پر پوری یکسوئی سے کام کر سکے گی۔انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کے صدر بننے پر بلاول بھٹو زرداری، بختاور، آصفہ، فریال تالپور، پی پی پی راہنماؤں، کارکنوں اور تمام اتحادی جماعتوں کے قائدین اور ارکان پارلیمان کو بھی مبارک پیش کرتی ہوں۔