چنی گوٹھ میں سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال سڑکوں کی تعمیر ، بیروزگاری کا خاتمہ اور پانی کے مسائل ہماری اولین ترجیحات میں شامل : حسن عسکری شیخ
انتقامی سیاست ہمارے خاندان کا شیوہ نہیں ہے جس نے ہمیں ووٹ دئیے اور جس نے ہمیں ووٹ نہیں دئیے میں ان سب کا ایم پی اے ہوں نو منتخب ممبر صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 248 کی صحافیوں سے گفتگو
چنی گوٹھ (نامہ نگار)نو منتخب ممبر صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 248 حسن عسکری شیخ نے کہا ہے کہ ہمارے حلقہ میں ہمارے سیاسی مخالفین نے پیسے کے بل بوتے پر ووٹ خریدنے کی کوشش کی ،مگر ہماری باشعور عوام نے اس کو مسترد کردیا اور ہمیں اپنے ووٹوں کی طاقت سے ایوانوں تک پہنچا دیا جس کے لئے میں اور میرا لیڈر چوہدری طارق بشیر چیمہ اپنے حلقے کی عوام کے بے حد مشکور ہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز شیخ فارمز پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، حسن عسکری شیخ نے کہا کہ ہم نے آئندہ انتخابات کے لئے آج سے ہی تیاری شروع کر دی ہے ، انہوں نے کہا کہ ہمارا علاقہ محرومیوں کا شکار ہے اس علاقے میں آج تک ترقیاتی کام نہ ہونے کے برابر ہیں ، عوام کی محرومیوں کا ازالہ ہماری ترجیحات میں شامل ہے ، انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کام بلا تفریق کریں گے ، حسن عسکری شیخ نے کہا کہ چنی گوٹھ میں سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال کی تعمیر ، سڑکوں کی تعمیر ، بیروزگاری کا خاتمہ اور پانی کے مسائل بھی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہوں گے ، انہوں نے کہا کہ جس باشعور عوام نے نوٹوں کے مقابلے میں ووٹ کو ترجیح دی ان کو تنہا کبھی نہیں چھوڑیں گے ، حسن عسکری شیخ نے کہا کہ ہم نے عوام کی خدمت کا تہیہ کر رکھا ہے جو کہ سلسلہ جاری رہے گا ، انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ انتقامی سیاست ہمارے خاندان کا شیوہ نہیں ہے جس نے ہمیں ووٹ دئیے اور جس نے ہمیں ووٹ نہیں دئیے میں ان سب کا ایم پی اے ہوں ۔