انتخابی مہم کے دوران میری جانب سے رقوم کی چلت کی خبریں من گھڑت بے بنیاد پرنس بہاول عباسی

Crown Prince Bahawal Abbas Khan Abbasi
پرنس بہاول عباس خان عباسی

مخدوم سید ظفر حسن گیلانی مخدوم سید زمرد حسین بخاری شہزاد سہیل خاکوانی حاجی فدا حسین تبسم اور ملک حفیظ عارںی سمیت کسی کو بھی انتخابی مہم کے دوران میں نے پیسے نہیں دیے – اس بارے میں ایک علاقائی اخبار میں مجھ سے منسوب لگائے گئے الزامات جھوٹ کا پلندہ ہیں-تمام مہربانوں کے بے لوث تعاون پر انکا مشکور ہوں

میں نے کسی بھی شخص کے صادق گڑھ پیلس میں داخلے پر پابندی نہیں لگائی اپنے والد گرامی نواب صلاح الدین عباسی کے طبی معائنہ کے لیے لاہور آنا پڑا – طبی معائنہ مکمل ہونے کے بعد واپس صادق گڑھ پیلس آؤں گا لاہور مستقل رہائش کی خبریں بھی جھوٹی ہیں میرا جینا مرنا بھاولپور کی دھرتی سے وابستہ ہے جہاں میرے عظیم اسلاف ابدی نیند سو رہے ہیں ولیعہد امیر آف بہاولپور کی روزنامہ نوائے احمد پور شرقیہ سے ٹیلی فونک گفتگو

لاہور (سٹاف رپورٹر) پرنس بہاول عباس خان عباسی نے ملتان کے علاقائی اخبار میں گزشتہ کئی دنوں سے ان سے منسوب شائع ہونے والی خبروں کو بے بنیاد من گھڑت اور جھوٹ کا پلندہ قرار دیا ہے جن میں سابق چیئرمین بلدیہ اوچ شریف مخدوم سید ظفر حسن گیلانی سجادہ نشین   دربار جلالیہ عالیہ اوچشریف مخدوم  سید زمرد حسین بخاری ،سابق وائس چیئرمین بلدیہ احمد پور شرقیہ شہزاد سہیل خاکوانی ،سابق کونسلر بلدیہ احمد پور شرقیہ حاجی فدا حسین تبسم اور ملک حفیظ عارںی پر انتخابی مہم کے دوران مجھ سے رقوم لینے کے الزامات  لگائے گئے ہیں- لاہور سے روزنامہ نوائے احمد پور شرقیہ سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان بے بنیاد خبروں کی اشاعت کا مقصد ان معزز شخصیات کی کردار کشی کرنا ہے جنہوں نے بغیر کسی لالچ وطمع کے میرا بھرپور ساتھ دیا میں ان تمام اصحاب کا اور سپورٹرز اور عوام کا انتہائی ممنون و مشکور ہوں

جنہوں نے شبانہ روز میری انتخابی مہم چلائی- پرنس بہاول عباس عباسی نے مزید کہا کہ انہوں نے کسی بھی شخصیت کے صادق گڑھ پیلس میں داخلے پر نہ تو پابندی لگائی ہے اور نہ ہی میں مستقل طور پر لاہور منتقل ہوا ہوں -پرنس بہاول عباس خان عباسی نے بتایا کہ ان کے والد گرامی نواب صلاح الدین عباسی کے طبی معائنہ کے لیے انہیں جلدی لاہور جانا پڑا نواب صاحب کا طبی معائنہ مکمل ہونے کے بعد وہ اپنی اقامت گاہ صادق گڑھ پیلس واپس آئیں گے-  انہوں نے مزید کہا  کہ ان کا جینا مرنا بہاولپور کی دھرتی سے وابستہ ہے جہاں ان کے عظیم اسلاف ابدی نیند سو رہے ہیں انہوں نے صحافیوں پر زور دیا کہ وہ ایسی بے بنیاد خبروں کی اشا عت سے گریز کریں جن سے ان کی خود اپنی کریڈیبلٹی  متاثر ہوگی