ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور کی سی پی این ای کی پنجاب کمیٹی کے اجلاس میں شرکت
سی پی این ای کے اجلاس میں دو کمیٹیاں بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ ترجمان پنجاب حکومت
وزیر ا علیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ معاون خصوصی اطلاعات پنجاب
لاہور معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ 330 ارب روپے سے شروع کیا جانے والا پنجاب ہیلتھ انصاف کارڈ پروگرام اس بے مثال کارکردگی کی ایک جھلک ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی کی حکومتوں نے عوام کے لئے کام کرنے کی بجائے ڈھنڈورا پیٹنے، سیاسی مخالفین کی پگڑیاں اچھالنے اور موروثی سیاست کی عادت ڈال دی۔ آج حکومت کی ساری توجہ کارکردگی اور بہتر گورننس، سیاسی مخالفین کو عزت دینے اور خاندانوں کی بجائے وزرا اور محکموں کو بااختیار بنانے پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن بالخصوص مسلم لیگ ن کی سیاست وینٹی لیٹر پر ہے۔ ترجمان حکومت پنجاب نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن حکومت کے خلاف متحد اور سنجیدہ ہوتی تو لانگ مارچ کے لیے چار ماہ کے بعد کی تاریخ نہ دیتی، جنہوں نے کچھ کرنا ہو وہ آج کی تاریخ میں ہی کر گزرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے مقامی ہوٹل میں کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کی پنجاب کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈی جی پی آر پنجاب محترمہ روبینہ افضل اور ڈائریکٹر پی آئی ڈی لاہور شفقت عباس بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ترجمان پنجاب حکومت نے بتایا کہ سی پی این ای کے اجلاس میں دو کمیٹیاں بنانے پر اتفاق ہوا ہے۔ ایک کمیٹی موجودہ معاملات، اشتہارات کی منصفانہ تقسیم، علاقائی اخبارات کے رول سمیت دیگر امور پر کام کرے گی جبکہ دوسری کمیٹی میڈیا کو ڈیجیٹل دور میں لے جانے کے حوالے سے اصلاحات پر کام کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا ہمارے معاشرے کا پریشر والو اور حکومت کی آنکھیں اور کان ہے۔ عوام کے جذبات حکومت تک پہنچانے اور معروضی رپورٹنگ کے ذریعے اصلاحات میں مدد کرنا میڈیا کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ ترجمان حکومت پنجاب نے یہ بھی کہا کہ ہم سب کو ملکر ملکی مسائل کے طویل المدتی حل کے متعلق سنجیدگی سے سوچنا ہو گا۔ قبل ازیں سی پی این ای کی پنجاب کمیٹی کے چیئرمین محمد حیدر امین کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں سی پی این ای کے رکن اخبارات کو درپیش مسائل اور سی پی این ای کے آئینی امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں سی پی این ای کے نائب صدر ارشاد احمد عارف نے پنجاب کمیٹی کے تمام ارکان کی نمائندگی کرتے ہوئے پنجاب کے اخبارات کو درپیس مسائل کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا۔ اس موقع پر سی پی این ای کے صدر کاظم خان نے اخبارات کو میڈیا لسٹ سے خارج کرنے اور نت نئی پابندیاں عائد کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ کسی بھی ریگولر اخبار کو میڈیا لسٹ سے نہ نکالا جائے اور میڈیا سے متعلق کسی بھی فیصلہ سازی سے قبل سی پی این ای سے بھرپور مشاورت کی جائے۔ اجلاس نے پنجاب حکومت کے محکمہ اطلاعات کی جانب سے اخبارات کو واجبات کی ادائیگیوں میں انتہائی سست روی اور اشتہارات کی غیر منصفانہ تقسیم پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ ڈسپلے اشتہارات کی ادائیگیاں بھی کلاسیفائیڈ اشتہارات کی طرز کی شروع کی جائیں مزید برآں جاری شدہ اشتہارات کی فہرست محکمہ اطلاعات پنجاب کی ویب سائیٹ پر آویزاں کی جائے۔ اجلاس میں سی پی این ای کے صدر کاظم خان، سینئر نائب صدر ایاز خان، ڈپٹی سیکریٹری جنرل یوسف نظامی، سی پی این ای پنجاب کمیٹی کے چیئرمین محمد حیدر امین، نائب صدر ارشاد احمد عارف، جوائنٹ سیکریٹری تنویر شوکت، سینئر اراکین جمیل اطہر قاضی، سید انتظار حسین زنجانی، وقاص طارق فاروق، محمد اکمل چوہان، ضیا تنولی، اویس رازی، احمد شفیق، ذوالفقار احمد راحت، نشید راعی، اسلم میاں، سردار عابد علیم، زبیر محمود، توفیق الرحمان سیفی، عثمان غنی، امتیاز روحانی سمیت محمد ارشد روحانی و دیگر نے شرکت کی۔