انتخابی نشانات کی مکمل فہرست ، بلے کا نشان غائب
الیکشن کمیشن کی جانب سے ۔سیاسی جماعتوں کے لیے 145 انتخابی نشان مخصوص کئے گئے ہیں
آزاد امیدواروں کے لیے 177 نشانات بھی فہرست میں مخصوص کیے گئے ہیں
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے الیکشنز کیلیے انتخابی نشان کی مکمل فہرست جاری کردی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے سیاسی جماعتوں سمیت آزاد امیدواروں کے لئے انتخابی نشان کی فہرست ریٹرننگ افسران کو ارسال کردی ہے جس میں پی ٹی آئی کے ’بلے‘ کا انتخابی نشان نہیں ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے ۔سیاسی جماعتوں کے لیے 145 انتخابی نشان مخصوص کئے گئے ہیں جبکہ آزاد امیدواروں کے لیے 177 نشانات بھی فہرست میں مخصوص کیے گئے ہیں
الیکشن کمیشن کی جانب سے مجموعی طور پر 329 انتخابی نشان کی فہرست ریٹرننگ افسران کو بھیجی گئی ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن شیڈول کے مطابق امیدواروں کو الیکشن کمیشن کی جانب سے 13 جنوری کو انتخابی نشانات آلاٹ کیے جائیں گے۔ انٹرا پارٹی الیکشن کی وجہ سے الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی سے بلے کا نشان واپس لے لیا تھا جس کے بعد سے یہ مسئلہ عدالتوں میں ہے اور تحریک انصاف کو تاحال کوئی نشان آلاٹ نہیں کیا گیا۔
دو روز قبل پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن اور بلے کا نشان بحال کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا تھا جس پر الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی۔
اس درخواست پر چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی اور پھر اُسے 13 جنوری تک ملتوی کردیا، امید ظاہر کی جارہی ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے پی ٹی آئی کے انتخابی نشان کے حوالے سے کوئی فیصلہ جاری کردیا جائے گا جبکہ تحریک انصاف عدالت عظمیٰ سے بھی انصاف ملنے کیلیے پُرامید ہے۔