چوہدری طارق بشیر چیمہ کے پینل میں صوبائی اسمبلی کے امیدوار پی پی 248 حسن عسکری شیخ نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کر دیا
چنی گوٹھ (نامہ نگار) امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 248 چنی گوٹھ ، کلاب ، شاہی والا ، چولستان حسن عسکری شیخ نے اپنی بھرپور انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے ، حسن عسکری شیخ سابق چیئرمین یونین کونسل چنی گوٹھ مہر محمد صدیق کے ہمراہ موضع بیلدراں ، سراج پور اور چنی گوٹھ میں مختلف شخصیات جن میں حاجی لیاقت علی سندھو ، چوہدری صلاح الدین کھرل ، چنی گوٹھ کے سابق وائس چیئرمین چوہدری محمد خالد گجر سے ملاقات کی ، حسن عسکری شیخ نے کہا کہ ہمارے علاقے چنی گوٹھ ، کلاب اور مہند عرصہ دراز سے محرومیوں کا شکار ہیں ، سیاست دان ہمارے علاقے کے سادہ لوح لوگوں کو سبز باغ دکھا کر ووٹ تو لے جاتے ہیں مگر انہوں نے ہمارے علاقے کی ترقی کی طرف کوئی توجہ نہیں دی ، ہمارا علاقہ محرومیوں کا شکار ہے اور اب وقت آ چکا ہے کہ علاقے کی محرومیوں کا ازالہ کیا جائے ، حسن عسکری شیخ نے کہا کہ اب ہمارے علاقے کو تحصیل یزمان میں شامل کیا گیا ہے ، ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تحصیل یزمان پنجاب کی تحصیلوں میں پہلے نمبر پر ہے ، وہاں کے لوگوں کے مسائل سابق وفاقی وزیر چوہدری طارق بشیر چیمہ نے خصوصی دلچسپی لے کر حل کرائے ہیں اور اب آپ لوگوں کا بھرپور تعاون درکار ہے تاکہ ہم اپنے علاقے کی محرومیوں کا ازالہ کر سکیں ، انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان ڈگریاں ہاتھوں میں اٹھائے پھر رہے ہیں مگر ان کا کوئی پرسان حال نہیں بیروزگاری نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں ان کو روزگار کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہو گی ، حسن عسکری شیخ نے کہا کہ کلاب میں زیر زمین پانی کڑوا ہے اور نہری پانی کی بھی بہت کمی ہے اس کے لیے بھی ہمیں اقدامات کرنے ہوں گے ۔