بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیر انتظام اورینٹیشن سیشن۔ ڈپٹی کمشنر مہمان خصوصی
بہاول پور: 10/دسمبر( )بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیر انتظام کمپنی بورڈ آف ڈائریکٹرز کی بہتر فیصلہ سازی اور بورڈ اور کمپنی مینجمنٹ کے مابین بہترین ورکنگ روابط کے فروغ کے لیے اورینٹیشن سیشن کا اہتمام کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر بہاول پور و چیئرمین کمپنی عرفان علی کاٹھیا سیشن کے مہمان خصوصی تھے جبکہ بورڈ ڈائریکٹرز مسز بشری انجم،انجینئر افتخار حیدر،انجینئر اکبر خان،انجینئر شارق اختر،ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ لوکل گورنمنٹ چوہدری خورشید،چیف ایگزیکٹیو آفیسر کمپنی محمد نعیم اختر،کمپنی سیکرٹری محمد اعظم خان کانجو،چیف فنانس آفیسر کمپنی عمران اشرف سمیت دیگر کمپنی افسران بھی سیشن میں شریک تھے۔تعارفی سیشن کے آغاز میں کمپنی سیکرٹری محمد اعظم خان کانجو نے بورڈ ممبران کو بتایا کہ بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی 2013ء میں کمپنیز آرڈنینس کے تحت قائم کی گئی جس کے انتظامی و مالی معاملات کی دیکھ بھال و نگرانی کے لئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا قیام بھی عمل میں لایا گیا۔انہوں نے بورڈآف ڈائریکٹرز کے ممبران کو ان کے کار منصبی اور اختیارات بارے مفصل بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کمپنی قوانین بنانے اور صفائی کے نظام میں بہتری اور اسے جدید خطوط پراستوار کرنے کے لئے پالیسی سازی میں کمپنی بورڈ آف ڈائریکٹرز کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے بورڈ ممبران کو مزید بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق لازمی قرار دیا گیا ہے کہ کمپنی مینجمنٹ سالانہ بنیادوں پر ایسے سیشن منعقد کروائے اور بورڈ ممبران کو کمپنی شعبہ جات کی جانب سے بروئے کار لائے گئے اقدامات بارے بھی آگاہ کیا جائے۔سیشن کے دوران بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے شعبہ ایڈمن اینڈ ہیومن ریسورس،شعبہ فنانس،شعبہ آپریشنز اورشعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سربراہان نے بھی فرداً فرداً بورڈ ممبران کو اپنے اپنے شعبہ جات میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے کردار،اختیارات اور بورڈ کی جانب سے مجوزہ پالیسیوں پر عمل درآمد کے حوالے سے تفصیلاًبریفنگ دی۔چیف ایگزیکٹیو آفیسربہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی محمد نعیم اختر نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی شہر میں صفائی ستھرائی کی معیاری اور بہترین صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے مربوط حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی بہاول پور میں مستحکم معیار صفائی کے بعد اب بہاول پور کی دیگر تحصیلوں میں بھی صفائی ستھرائی کے حوالہ سے اپنی خدمات کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے اور اس سلسلہ میں بہاول پور کی تحصیل احمد پورشرقیہ میں بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے صفائی ستھرائی کے حوالہ سے خدمات کی فراہمی کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے جبکہ تحصیل یزمان میں اس حوالے سے پیش رفت آخری مراحل میں ہے۔انہوں نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبران کو مزید بتایا کہ اپنی آمدنی کے ذرائع نہ ہونے کی وجہ سے بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو مالی مسائل کا سامنا ہے اور کمپنی کو اپنے روزمرہ معاملات کی انجام دہی کے لیے فنڈز قرض کی صورت میں مل رہے ہیں۔انہوں نے بورڈ ممبران کو بتایا کہ بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے حکومتی ہدایات کے مطابق خود استحکامی اور خود انحصاری کے لیے ریونیو جنریشن پلان منظوری کے لیے حکومت پنجاب کو ارسال کر دیا ہے جس پرجلد عمل درآمد متوقع ہے۔نعیم اختر نے مزید بتایا کہ بہاول پور میں صفائی ستھرائی کے حوالہ سے مثالی کارکردگی پر حکومت پنجاب بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا دائرہ کار ڈویژن بھر تک بڑھانے کی خواہاں ہے جس پر کام کا آغاز بھی کر دیا گیاہے۔سیشن کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر بہاول پور عرفان علی کاٹھیا اور بورڈ ممبران نے کمپنی کی کارکردگی کو سراہا اور شہر میں صفائی کی صورتحال کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کمپنی مینجمنٹ اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کے مابین بہترین روابط اور ہم آہنگی کے ذریعے صفائی صفائی کی صورتحال میں مزید بہتری لانے کے عزم کا اعادہ کیا۔