Advertisements

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے نئی تعینات ہونے والی یو ایس قونصل جنرل کرسٹین کے ہاکنز کی ملاقات

Newly appointed US Consul General Christine K. Hawkins meets with Punjab Governor
Advertisements

لاہور 31اگست 2023…گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے  گورنر ہائوس لاہور میں نئی تعینات ہونے والی یو ایس قونصل جنرل کرسٹین کے ہاکنز

  نے ملاقات کی۔اس موقع پر یو ایس قونصلیٹ کے پولیٹیکل اینڈ اکنامک چیف نیکولس کاٹساکیس  بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی، تعلیم، تجارت، ماحولیاتی تبدیلی اور جڑانوالہ واقعہ سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر پنجاب نے نئی تعینات ہونے والی یو ایس قونصل جنرل کو خوش آمدید کہا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ جڑانوالہ میں قرآن پاک کی بے حرمتی اور اس کے ردعمل میں چرچز اور گھروں کو جلائے جانے کے واقعات دونوں افسوسناک اور شرمناک ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کے بعد لوگوں نے اپنے مسیحی بھائیوں کو گلے سے لگایا اور اپنے گھروں اور مسجدوں کے دروازے مسیحی بہن بھائیوں کے لیے کھول دیئے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت پنجاب نے بروقت نوٹس لیتے ہوئے چرچز کی بحالی کی اور انہیں پہلے سے بہتر حالت میں مسیحی برادری کے حوالے کیے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے متاثرین کو گھروں کی تعمیر کے لیے امدادی رقوم بھی دیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے ان واقعات کی پر زورمذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اس بات پر متفق ہے کہ اس طرح کے واقعات کی معاشرے میں کوئی گنجائش نہیں ہے ۔اس موقع پرگورنر پنجاب نے پنجاب اور امریکی ریاست کیلیفورنیا کو سسٹر سٹیٹ قرار دینے کے معاہدے میں یو ایس قونصلیٹ کے کردار کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارت، زراعت اور ماحولیات کے شعبوں میں تعاون کو مزیدفروغ دینے کی ضرورت ہے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ بطور چانسلر سات (07) اہم شعبوں پر کنسورشیم بنائے ہیں جن میں سے ایک ماحولیات پر ہے۔انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے مسلے پر امریکی اور پاکستانی جامعات مل کر کام کر سکتی ہیں۔گورنر پنجاب نے یو ایس قونصل جنرل کو پاکستانی طلبہ اور کاروباری حضرات کے ویزے میں تاخیر کے مسلے پر بھی متوجہ کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یو ایس قونصلیٹ ویزے کی رکاوٹیں دور کرنے میں کردار ادا کرے گا۔
  یو ایس قونصل جنرل کرسٹین کے ہاکنز (Kristin K .Hawkins)  نے گورنر پنجاب کے ماحولیات پر بنائے گئے کنسورشیم میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ یو ایس اور پنجاب ماحولیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مختلف منصوبوں پر مل کر کام کر سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط بڑھانے میں بھر پور کردار ادا کریں گی۔

Advertisements