بڑے مزارات میں صدقات اورعطیات کیلئے نذرانہ آن لائن ویب سائٹ بنیں گی: محسن نقوی
دربار حضرت داتا گنج بخش ؒ، حضرت بابا بلھے شاہؒ، حضرت بابا فرید گنج شکرؒ اور دیگر مزارات کیلئے الگ الگ ویب سائٹس بنائی جائیں گی
لنگر کی تقسیم کو براہ راست دیکھا جا سکے گا،عطیات موبائل بینکنگ،کریڈٹ کارڈ اور اے ٹی ایم کے ذریعے ٹرانسفر کئے جا سکیں گے
لاہور21جولائی: نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے صوبے میں بڑے مزارات اوردرباروں میں آن لائن صدقات اورعطیات کیلئے نذرانہ آن لائن ویب سائٹ کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ دربار حضرت داتا گنج بخش ؒ، حضرت بابا بلھے شاہؒ، حضرت بابا فرید گنج شکرؒ اور دیگر مزارات کے لئے الگ الگ ویب سائٹس بنائی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو ویب سائٹ ڈویلپ کرنے کا ٹاسک سونپ دیا ہے۔ ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن صدقات او رعطیات دئیے جا سکیں گے۔ بیرون ملک مقیم افراد لنگر بھی تقسیم کرا سکیں گے اور لنگر کی تقسیم کو براہ راست دیکھا جا سکے گا۔ عطیات موبائل بینکنگ،کریڈٹ کارڈ اور اے ٹی ایم کے ذریعے ٹرانسفر کئے جا سکیں گے۔ حضرت بابا بلھے شاہ ؒ کے مزار کو ری ڈیزائن کیا جائے گاجبکہ بابا فرید گنج شکرؒ کے مزار کے کمپلیکس کو مزید وسیع کیاجائے گا۔ ٹریفک کے مسائل حل کرنے کے لئے بیسمنٹ میں پارکنگ او ر لنگر خانے کا اہتمام کیاجائے گا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے حضرت پیر مکیؒ اور وارث شاہ کے مزارات پرکام کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔