ملک کے مسائل کا حل صرف نواز شریف کے پاس ہے : وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب
تحریک انصاف کے اپنے لوگوں نے پاناما سازش کو بے نقاب کیا، جو شکلیں اور کردار آج ملک جلا رہے ہیں یہ14-2013میں سی پیک منصوبہ روکنے کے لئے کنٹینر پر کھڑے تھے، مریم اورنگزیب
اسلام آباد۔5جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے اپنے لوگوں نے پاناما سازش کو بے نقاب کیا، سازشی کرداروں نے ایک نالائق کو مسلط کر کے ملک کو تباہی کی طرف دھکیلا، ملک کے مسائل کا حل صرف نواز شریف کے پاس ہے، انہیں پاکستان کے عوام نے ووٹ دے کر تیسری مرتبہ وزیراعظم منتخب کیا، نواز شریف دور میں معیشت مستحکم ہوئی، عوام کو سی پیک کا تحفہ دیا، ملک کی بڑی خدمت کرنے والے کے ساتھ بڑی زیادتی ہوئیں، جو شکلیں اور کردار آج ملک جلا رہے ہیں، یہ14-2013میں سی پیک منصوبہ روکنے کے لئے کنٹینر پر کھڑے تھے۔ بدھ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج 5 جولائی کا دن ہے اور آج کے دن ایک آمر نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت پر شب خون مار کر جمہوریت کا قتل کیا تھا، آج کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی برسی کا بھی دن ہے اور آج سی پیک کے دس سال بھی مکمل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان اور چین کی قیادت کا خطے اور پاکستان کے عوام کے لئے تحفہ ہے، یہ منصوبہ قائد محمد نواز شریف اور صدر شی جن پنگ کا وژن ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے نے پاکستان کو 2013ءسے 2018ءتک ہر شعبے میں ترقی دی لیکن پچھلے چار سالوں میں ایک سازشی، نااہل، نالائق اور چور نے ملک کو صرف تباہی کی طرف دھکیلا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اتحادی حکومت کے ساتھ مل کر پچھلے ایک سال کے دوران ملک کی معاشی تباہی، بدحالی، بے روزگاری، لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی ختم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سازشی عناصر نے ایک نااہل، نالائق اور چور کو ملک پر مسلط کیا، یہ کہانی صرف چار سال کی نہیں، اس کی شروعات 2013ءمیں ہو چکی تھی۔ 2013ءمیں بھی ملک کے اندر مہنگائی، دہشت گردی، بے روزگاری تھی، ملک ڈیفالٹ کی نہج پر تھا اور لوگوں نے سمجھ لیا تھا کہ ملک کی مشکلات کا حل صرف نواز شریف کے پاس ہے، عوام نے نواز شریف کو ووٹ دے کر تیسری مرتبہ وزیراعظم منتخب کیا، اس وقت پاکستان ایک مشکل دوراہے سے گذر رہا تھا، نواز شریف نے ملک میں سیاسی استحکام کی بنیاد رکھی، صوبوں میں اکثریت رکھنے والی جماعتوں کو وہاں حکومتیں بنانے کا موقع دیا، نواز شریف نے تین سالوں میں ملک کی خراب صورتحال بدلی تھی۔ انہوں نے کہا کہ جو کردار آج ملک جلا رہے ہیں اور معاشی تباہی پیدا کر رہے ہیں، یہی کردار14-2013میں سی پیک منصوبہ روکنے کے لئے کنٹینر پر تھے۔ 2013ءمیں پی ٹی آئی ملکی استحکام کے خلاف سازش میں مصروف تھی، سی پیک کا منصوبہ شروع ہوتے ہی سازشی عناصر متحرک ہو گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جب صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان کی خبر آئی تو ایک شخص ملک کی ترقی کے خلاف کنٹینر پر کھڑا تھا، اس شخص نے سول نافرمانی کی تحریک کی کال دی، سی پیک منصوبے کے تحت توانائی کے منصوبے لگنے تھے، روزگار پیدا ہونا تھا، اور یہ شخص اس منصوبے کے خلاف کھڑا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج یہ شخص آئی ایم ایف کے پروگرام پر چیخیں ما رہا ہے جبکہ یہ پروگرام ہم نے نہیں لایا تھا، اس پر ہم نے دستخط نہیں کئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ملکی معیشت کو استحکام بخشا، آئی ایم ایف کو خیر باد کہا، 2017ءمیں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ کا واحد آئی ایم ایف پروگرام تھا جو نواز شریف کے دور میں مکمل ہوا۔ نواز شریف ملک کے نوجوانوں کو خودمختار بنانا چاہتے تھے وہ ملک کے اندر آئی ٹی، زراعت، برآمدات کو فروغ دینا چاہتے تھے، ان کا وژن ملکی معیشت کو مستحکم بنانا تھا اور یہ کام انہوں نے کر کے دکھایا، صرف نعرے نہیں لگائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر 2013ءسے 2017ءتک 14 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی، دہشت گردی کا خاتمہ کیا، پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے دہشت گردی کے خاتمے کے آپریشنز شروع کئے جبکہ دوسری طرف ترقی کے منصوبوں کو روکنے کے لئے ایک شخص کنٹینر پر کھڑا تھا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک کی بڑی خدمت کرنے والے کے ساتھ بڑی زیادتی کی گئی، پاناما کا فیصلہ اقامہ میں تبدیل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف اس لئے سازش کی جا رہی تھی کہ وہ عوام کو روزگار اور کاروبار دے رہا تھا، ملک سے اندھیروں کا خاتمہ کر رہا تھا۔ آج پی ٹی آئی کے لوگ بھی اس بات کی گواہی دے رہے ہیں کہ نواز شریف کے ساتھ زیادتی ہوئی۔ پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات نے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما حامد خان کی نجی ٹی وی چینل سے ہونے والی گفتگو کا وڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ اسی طرح کی گفتگو شیخ رشید اور اعجاز شاہ نے بھی کی تھی جن کا مسلم لیگ (ن) سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاناما کو اقامہ میں تبدیل کر کے نواز شریف کو نااہل کیا گیا جو ملک کے عوام کے ساتھ دشمنی تھی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کی حکومت آئی ایم ایف کی مشکل شرائط پر دستخط کر کے ملک کو آئی ایم ایف کے حوالے کر کے گئی، ملکی ساکھ کو تباہ کیا، دوبارہ سے لوڈ شیڈنگ شروع کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف ساری قوتیں نواز شریف کو زیرو کرنے کے چکر میں تھیں لیکن مکافات عمل ہے جو لوگ یہ کر رہے تھے آج ان کے منہ پر طمانچے پڑ رہے ہیں۔ وہ کسی پبلک ایریا میں نہیں جا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام سمجھتے ہیں کہ اگر کوئی شخص اس ملک کو بحرانوں سے نکال سکتا ہے تو اس کا نام نواز شریف ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف اپنے اوپر لگنے والے ہر الزام پر قانون کے سامنے پیش ہوئے۔ نواز شریف نے 150 سے زائد پیشیاں بھگتیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ایک طرف ملک کو ترقی دینے، عوام کی خدمت کرنے، عوام کو روزگار دینے، کاروبار دینے والی شخصیت ہے اور دوسری طرف نااہل، فراڈ، چور اور کرپٹ شخص ہے جس نے ملک کو آگ لگائی، ملک کی ترقی کو منفی میں لے کر گیا، نوجوانوں کا روزگار چھینا، ملک کو قرضوں کے بوجھ تلے دفن کیا، سی پیک کو منجمد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 14 ماہ کی مسلسل محنت سے آئی ایم ایف کا معطل پروگرام بحال کیا، یہ خالی آئی ایم ایف کا پروگرام نہیں تھا، یہ ملک کی ساکھ اور اقتصادی بحالی کا پروگرام تھا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت نے سی پیک منصوبہ بند کیا، چین کو ناراض کیا، سی پیک منصوبے میں کرپشن پر بیانات دیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال کے سی وی کا چار سال کے سی وی سے موازنہ کیا جائے تو وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کی معیشت کو دوبارہ سے استحکام دیا ہے۔ صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ عمران خان جب گرفتار ہوئے تو شہدا کی یادگاریں جلائی گئیں لیکن انہیں گڈ ٹو سی یو کہا گیا۔ فارن میڈیا کو اپنے انٹرویو میں عمران خان اپنی کافی عزت کروا چکے ہیں، ہر وقت جھوٹ کے ذریعے کسی کو بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی چوری کی کہانیاں ہمارے پاس آ چکی تھیں ہم نے قانون کے حوالے کیں۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات کا جواب بالٹی، ڈبے اور ڈسٹ بین سے نہیں دیا جا سکتا۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ 2013ءمیں ملک اور ملک کے منتخب وزیراعظم کے خلاف سازش ہوئی، دراصل یہ سازش پاکستان کے بائیس کروڑ عوام کے ساتھ ظلم تھا، ایسے کرداروں کو پاکستان کے عوام کبھی معاف نہیں کریں گے۔