Advertisements

بین الاقوامی منڈی میں گندم کی گرتی ہوئی قیمت حکومت پنجاب کا کسانوں سے گندم خریدنے کے سلسلہ کو روکنے کا فیصلہ

punjab government logo
Advertisements

بہاول پور:24/مئی : بین الاقوامی منڈی میں گندم کی گرتی ہوئی قیمت کے پیش نظر حکومت پنجاب نے کسانوں سے گند م خریدنے کے سلسلہ کو روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالہ سے پنجاب بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنر ز کو ایک ہفتہ کا وقت دے دیا گیا ہے۔ انہیں یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ اس ایک ہفتہ کے دوران وہ اس بار دانہ کو بھی واپس منگوا لیں جو کسانوں کو دیا جا چکا ہے۔یاد رہے کہ حکومت پنجاب پہلے ہی اپنی ضرورت سے زائد گندم حاصل کر چکی ہے۔ ذرائع کے مطابق بین الاقوامی منڈی میں گندم کی قیمت 3500/-روپے فی من سے بھی کم ہو چکی ہے جبکہ حکومت پنجاب نے کسانوں کے لئے اس کی امدادی قیمت 3900/- روپے فی من مقرر کر رکھی ہے۔ بین الاقوامی منڈی میں گند م کی قیمت میں کمی کے رجحان کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ افغانستان میں بھی گندم کی قیمت خرید پنجاب حکومت کی اعلان کردہ امدادی قیمت سے بھی گر چکی ہے۔ دوسری طرف فلور ملز ایسوسی ایشن  نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں بین الاقوامی منڈی میں کم قیمت گندم میسر ہونے کے سبب گندم درآمد کرنے کی اجازت دی جائے۔ اس حوالہ سے جلد ہی ایک وفد وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے نمائندوں سے ملاقات بھی کرے گا۔ دوسری جانب اس بات کی بھی اطلاعات ہیں کہ حکومت پاکستان نے بھی گندم کی درآمد کی اجازت پر غور کرنا شروع کر دیا ہے۔ اس کا حتمی فیصلہ آنے والے دنوں میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا جائے گا۔