کڈنی سنٹر بہاولپور کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر ممتاز رسول کا ڈائیلاسز یونٹ ٹی ایچ کیو ہسپتال احمدپورشرقیہ کا وزٹ
احمدپورشرقیہ(سٹاف رپورٹر)بہاول وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور کڈنی سنٹر کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر ممتاز رسول نے کہا ہے کہ بی وی ہسپتال بہاولپور کے کڈنی سنٹر میں گردے کے امراض میں مبتلا مریضوں کو حکومت پنجاب کی جانب سے مفت طبی سہولیات مہیا کی گئی ہیں اس لئے گردے کے امراض میں مبتلا نادار اور غریب مریضوں کو ہرگز پریشان نہیں ہونا چاہیے – ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹر سول ہسپتال احمدپورشرقیہ کے ڈائیلاسز یونٹ کے معائنے کے دوران مریضوں اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا- پروفیسر ڈاکٹر ممتاز رسول نے اپنی میڈیکل ٹیم کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے مزید بتایا کہ گردے کے امراض میں مبتلا مریض بہاول وکٹوریہ ہسپتال کیکڈنی سنٹر بہاولپور میں اپنے فری میڈیکل ٹیسٹ حاصل کرکے مفت ادویات لے سکتے ہیں جہاں مرد و خواتین مریضوں کے علاوہ گردے کے مرض میں مبتلا بچوں کے لیے علیحدہ وارڈ بھی کام کر رہا ہے- ان تینوں وارڈز میں حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق بلا تخصیص ہر مریض کو طبی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں گردے کے ٹرانسپلانٹ کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے پروفیسر ممتاز رسول نے کہا کہ گردہ عطیہ کرنے والے افراد اپنا ٹیسٹ کروا کر عطیہ دے سکتے ہیں اس سلسلے میں وہ گڈنی سنٹر سے باقاعدہ رابطہ کریں۔قبل ازیں پروفیسر ڈاکٹر ممتاز رسول نے تحصیل ہیڈ کوارٹر سول ہسپتال میں مریضوں کے ڈائیلاسز یونٹ کا تفصیلی معائنہ کیا مریضوں کودی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا – قائم مقام میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نسیم تاج نسیم سیال نے پروفیسر ڈاکٹر ممتاز رسول کو ڈائیلسز یونٹ کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی – ڈاکٹر ممتاز رسول کے ہمراہ ان کی ٹیم کے اراکین ڈاکٹرسلمان ارشد ڈاکٹر زین العابدین,ڈاکٹر امجد سپر آ ڈاکٹر امیر افضل اور کوآرڈینیٹر رانا اللہ دتا بھی اس موقع پر موجود تھے